دین اسلام کی تعلیمات میں سے ایک تعلیم یہ بھی ہے کہ انسان دنیا سے رخصت ہو کر اس حالت میں اللہ عزوجل سے ملاقات کرے کہ اس کے اوپر اللہ اور بندوں کے حقوق میں سے کوئی حق بھی باقی نہ ہو، اور اگر وہ زندگی میں ان حقوق کو خود ادا نہ کرسکے، تو مرنے سے پہلے ان حقوق کی ادائیگی کی وصیت کرجائے، تاکہ اس کے مرنے کے بعد ورثاء ان حقوق کو ادا کرسکیں۔
عام طور پر یہ بات مشاہدہ میں آئی ہے کہ عوام الناس وصیت کی اہمیت سے واقف نہیں ہوتے، جس کی وجہ سے انسان کے مرنے کے بعد اس کے ورثاء مال متروکہ کی وصیت کے سلسلے میں آپس میں الجھتے رہتے ہیں، یا اگر الجھتے نہیں، تو ایک عرصہ تک اس کے اموال و جائیداد متروکہ کے بارے میں لا علم اور پریشان (Confuse) رہتے ہیں۔
وصیت کرنے کے بارے میں اکثر عوام الناس غفلت کا شکار ہیں، اور جو لوگ اس سے غافل نہیں ہیں، انہیں وصیت نامہ لکھنا نہیں آتا۔
لہذا اسی ضرورت کے پیش نظر "الاخلاص ریسرچ انسٹیٹیوٹ" کے شعبہ "دار الافتاء الاخلاص" کے مفتی حضرات نے شریعت کے اصولوں کی روشنی میں عوام الناس کی سہولت کے لئے یہ وصیت نامہ PDF کی صورت میں بنایا ہے، تاکہ لوگ اس وصیت نامہ کے PDF کے ذریعےاپنی ضرورت اور کوائف کے مطابق مطلوبہ صفحات کا باآسانی Print out نکال کر اپنا وصیت نامہ خود تحریر کرکے اپنی ذمہ داری سے سبکدوش ہوسکیں، اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرسکیں۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول و منظورفرمائے اور اس کوہمارے لئے آخرت کا توشہ اور مغفرت کا ذریعہ بنائے۔ آمین