عنوان: فجر کی نماز کی اہمیت و فضیلت(1342-No)

سوال: مفتی صاحب! میں فجر کی نماز مستقل 7:00 بجے پڑھتا ہوں، وقت پر نہیں پڑھ پاتا، میرے لیے کیا حکم ہے؟

جواب: پانچ نمازوں میں سے سب سے اہم نماز فجر کی ہے، اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ اللہ تعالی فجر کی وقت کی قسم اٹھاتے ہیں اور فرماتے ہیں:’’قسم ہے فجر کی‘‘ ۔(سورہ فجر ، آیت نمبر:01)
اسی طرح حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ حضور اقدسﷺ ارشاد فرماتے ہیں کہ ’’ فجر کی دو رکعتیں دنیا و مافیہا سے بہتر ہیں ۔‘‘ (صحیح مسلم، حدیث نمبر:725)
فجر کی باجماعت نماز ایک مسلمان کی صداقت اور اس کا ایمان پرکھنے کی کسوٹی ہے، چنانچہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’ہم اگر فجر اور عشاء کی نماز میں کسی آدمی کو نہ پاتے تو اس کے بارے میں اچھا گمان نہیں رکھتے تھے۔ (المعجم الکبیر للطبرانی)
جناب رسول اللہﷺ نے فرمایا: جو شخص سورج نکلنے سے پہلے اور سورج ڈوبنے سے پہلے کی نمازیں یعنی فجر اورعصر پڑھتا ہے، وہ ہرگز جہنم کی آگ میں داخل نہیں ہوگا۔ فجر کی نماز جنت کی ضمان ہے۔(صحیح مسلم، حدیث نمبر: 634)
رسول اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا: جو شخص دو ٹھنڈی نمازیں (یعنی فجر اور عصر) پابندی سے پڑھتا ہے وہ جنت میں داخل ہوگا۔(صحیح بخاری، حدیث نمبر :574)
حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جناب رسول اللہﷺ کے سامنے ایسے شخص کا تذکرہ کیا گیا، جو صبح ہونے تک سوتا رہتا ہے (یعنی فجر کی نماز ادا نہیں کرتا ہے) تو آپ ﷺ  نے ارشاد فرمایا: ایسے شخص کے کانوں میں شیطان پیشاب کردیتا ہے۔ (صحیح بخاری، حدیث نمبر:1144)
فجر کی نماز میں اٹھنے کے لیے چند تراکیب ہیں:(1)رات کو حتی الامکان جلدی سوئیں(2)سوتے وقت فجر کی نماز جماعت سے ادا کرنے کا پختہ ارادہ کریں اور ارادہ کرنے میں مخلص بھی ہوں(3) ایسے اسباب اختیار کریں، جن سے فجر کی نماز کے لئے اٹھنا آسان ہو۔ مثلاً: الارمAlarm والی گھڑی میں مناسب وقت پر الارم سیٹ کرکے اس کو مناسب جگہ پر رکھیں، اگر ان امور کی رعایت کرکے سوئیں گے تو ان شاء اللہ فجر کی نماز جماعت کے ساتھ ادا کرنا آسان ہوگا، پھر بھی اگر کسی دن اتفاق سے بیدار ہونے میں تاخیر ہوجائےتو جس وقت بھی آنکھ کھلے، سب سے پہلے نماز ادا کرلیں، ان شاء اللہ تاخیر کا کوئی گناہ نہیں ہوگا، لیکن اس کو معمول بنانا گناہ پر مداومت کرنا ہے جو کسی بھی طرح جائز نہیں ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

صحیح مسلم: (بَابٌ اسْتِحْبَابُ رَكْعَتَيْ سُنَّةِ الْفَجْرِ، رقم الحدیث: 725)
عَنْ عَائِشَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ : " رَكْعَتَا الْفَجْرِ خَيْرٌ مِنَ الدُّنْيَا وَمَا فِيهَا "

المعجم الکبیر للطبرانی: (271/2، ط: مکتبة العلوم و الحکم)
قال عبد الله بن عمر رضي الله عنهما : كنا إذا فقدنا الرجل في الفجر والعشاء أسأنا به الظن۔

صحيح مسلم (كِتَابٌ : الْمَسَاجِدُ وَمَوَاضِعُ الصَّلَاةِ، بَابٌ : فَضْلُ صَلَاتَيِ الصُّبْحِ وَالْعَصْرِ وَالْمُحَافَظَةِ عَلَيْهِمَا:حدیث نمبر: 634 )
عَنِ ابْنِ أَبِی خَالِدٍ ،  وَمِسْعَرٍ، وَالْبَخْتَرِيِّ بْنِ الْمُخْتَارِ سَمِعُوهُ، مِنْ  أَبِي بَكْرِ بْنِ عُمَارَةَ بْنِ رُوَيْبَةَ ، عَنْ أَبِيهِ  قَالَ :  سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ : " لَنْ يَلِجَ النَّارَ أَحَدٌ صَلَّى قَبْلَ طُلُوعِ الشَّمْسِ، وَقَبْلَ غُرُوبِهَا " يَعْنِي الْفَجْرَ وَالْعَصْرَ.

صحيح البخاري: (كِتَابٌ : مَوَاقِيتُ الصَّلَاةِ، بَابُ فَضْلِ صَلَاةِ الْفَجْر: حدیث نمبر :574)
عَنْ  أَبِي بَكْرِ بْنِ أَبِي مُوسَى ، عَنْ أَبِيهِ  أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ :  " مَنْ صَلَّى الْبَرْدَيْنِ  دَخَلَ الْجَنَّةَ ".

صحيح البخاري: (بَابُ التَّهَجُّدِ بِاللَّيْلِ، بَابٌ : إِذَا نَامَ وَلَمْ يُصَلِّ بَالَ الشَّيْطَانُ فِي أُذُنِهِ: حدیث نمبر:1144)
عَنْ عَبْدِ اللَّهِ  رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ :  ذُكِرَ عِنْدَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَجُلٌ، فَقِيلَ : مَا زَالَ نَائِمًا حَتَّى أَصْبَحَ مَا قَامَ إِلَى الصَّلَاةِ، فَقَالَ : " بَالَ الشَّيْطَانُ فِي أُذُنِهِ ".

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 956 Apr 20, 2019
fajar ki namaz ki ahmiyat o fazeelat/fazilat, Importance and Virtue of Fajar Prayer

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Salath (Prayer)

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.