resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: ڈیمنشیا (Dementia) کے مریض کے لیے نماز اور وضو وغیرہ کا حکم

(39854-No)

سوال: میری والدہ کی عمر 70 سال ہے اور وہ اسٹیج 2 ڈیمینشیا (یادداشت کی کمزوری) کا شکار ہیں، وہ اکثر بہت سی باتیں بھول جاتی ہیں، نماز ادا کرتے وقت بھی انہیں کئی چیزیں یاد نہیں رہتیں، اس لیے میری بہنیں ان کے ساتھ بیٹھ کر انہیں یاد دلاتی اور ساتھ پڑھتی ہیں۔
کبھی کبھی وہ کہتی ہیں کہ انہوں نے وضو کر لیا ہے حالانکہ انہوں نے وضو نہیں کیا ہوتا اور وہ اس بات پر اصرار بھی کرتی ہیں، اسی طرح نماز کے بارے میں بھی انہیں بھول ہو جاتی ہے۔ ڈاکٹر نے ہمیں ہدایت دی ہے کہ ہم ان سے بحث یا زیادہ سمجھانے کی کوشش نہ کریں کیونکہ اس سے انہیں ذہنی پریشانی ہوتی ہے، وہ شوگر (ذیابیطس) کی مریضہ بھی ہیں اور کافی عرصے سے اس بیماری میں مبتلا ہیں، اس صورتِ حال میں شریعت کی رو سے ان کی نماز اور فرض روزوں کے بارے میں کیا حکم ہے؟ بطورِ اولاد ہماری کیا ذمہ داری بنتی ہے؟ جزاکم اللہ خیراً

جواب: چونکہ آپ کی والدہ کا ذہنی توازن اس قدر کمزور نہیں ہے کہ انہیں نماز کی فرضیت کا علم بھی باقی نہ رہ سکے، جیسا کہ سوال میں ذکر کردہ تفصیلات سے واضح ہوتا ہے، اس لیے ان پر وضو کرکے نماز پڑھنا فرض ہے، تاہم چونکہ ان کو تعدادِ رکعات وغیرہ میں بھول ہوجاتی ہے، اس لیے گھر کے افراد میں سے کوئی ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کو یاد دہانی کراتا رہے تو اس طرح ان کی نماز درست ہوجائے گی۔
جس وقت ان پر بھول کی ایسی کیفیت طاری ہو اور وہ بحث کرنے لگیں تو بہتر یہ ہے کہ اس وقت ان سے بحث نہ کی جائے، پھر جب طبیعت میں قدرے نشاط ہو، اس وقت ان کو بتادیا جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الكريم: (البقرة، الآية: ٢٨٦)
﴿ لَا يُكَلِّفُ ٱللَّهُ نَفۡسًا إِلَّا وُسۡعَهَاۚ … ﴾

رد المحتار: (2/ 258، ط: دار الفكر)
«(قوله: ولو معتوها) في المغرب: المعتوه الناقص العقل، وقيل المدهوش من غير جنون اه وفيه التفصيل المار في الصبي كما في التتارخانية، وفي عامة كتب الأصول أن حكمه ‌كالصبي ‌العاقل في كل الأحكام. واستثنى الدبوسي العبادات فتجب عليه احتياطا. ورده أبو اليسر بأنه نوع جنون فيمنع الوجوب.
وفي أصول البستي أنه لا يكلف بأدائها ‌كالصبي ‌العاقل إلا أنه إن زال العته توجه عليه الخطاب بالأداء حالا، وبقضاء ما مضى بلا حرج، فقد صرح بأنه يقضي القليل دون الكثير وإن لم يكن مخاطبا فيما قبل كالنائم والمغمى عليه دون الصبي إذا بلغ، وهو أقرب إلى التحقيق، كذا في شرح المغني للهندي إسماعيل ملخصا»

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی



Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Salath (Prayer)