سوال:
السلام عليكم
مفتی صاحب ! یہ بتا دیں کہ نماز میں ہاتھ کہاں باندھے جائیں ؟شریعت کے اعتبار سے بہترین طریقہ کونسا ہے ؟مختلف فرقے کے لوگ مختلف جگہ پر ہاتھ باندھتے ہیں ۔
بہتر طریقہ بتا دیں۔ شکریہ
جواب: نماز میں ہاتھ ناف کے نیچے باندھنا سنت ہے۔ اس کے متعلق احادیث اور آثار درج ذیل ہیں:
1. عن علی رضی الله عنه قال ان من السنة فی الصلاة وضع الأکف علی الأکف تحت السرة.
"حضرت علی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نماز میں سنت یہ ہے کہ ہتھیلیوں کو ہتھیلیوں پر ناف کے نیچے رکھا جائے۔
أحمد بن حنبل، المسند، 1 : 110، رقم : 875، مؤسسة قرطبة مصر
2. عن أبی جحيفة ان علي رضی الله عنه قال السنة وضع الکف علی الکف فی الصلاة تحت السرة.
'ابو جحیفۃ سے روایت ہے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا نماز میں ایک ہتھیلی کا دوسری پر ناف کے نیچے رکھنا سنت ہے۔
أبو داؤد، السنن، 1 : 201، رقم : 756، دار الفکر
3. عن علی أنه کان يقول ان من سنة الصلاة وضع اليمين علی الشمال تحت السرة.
'حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نماز میں دایاں ہاتھ بائیں ہاتھ پر ناف کے نیچے رکھنا سنت ہے'۔
دار قطنی، السنن، 1 : 286، رقم : 10، دار المعرفة بيروت
بيهقی، السنن الکبری، 2 : 31، رقم : 2171، مکتبة دار الباز مکة المکرمة
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی