عنوان: عرب ممالک میں عصر کی جماعت میں شرکت سے پہلے ظہر کی نماز ادا کرنا (21329-No)

سوال: محترم جناب مفتی صاحب! اگر کوئی شخص ظہر کی نماز ادا نہیں کر سکا ہو اور عصر کی جماعت تیار ہو تو اُسے کیا کرنا چاہیے؟
کیا پہلے عصر کی جماعت میں شامل ہونا چاہیے یا عصر کی جماعت چھوڑ کر پہلے ظہر ادا کرے اور پھر الگ سے عصر پڑھ لے؟ خاص طور پر عرب ممالک میں سفر کے دوران اس طرح کی صورتحال پیش آسکتی ہے، جہاں عصر شافعی وقت پر ادا ہوتی ہے،براہ کرم اس نکتے پر رہنمائی فرمائیں۔ شکریہ

جواب: 1) اگر کوئی شخص صاحب ترتیب ہو، (یعنی اس کی قضاء شدہ نمازوں کی تعداد چھ یا اس سے کم ہو) تو اس پر ترتیب کی رعایت کرنا لازم ہے، لہذا اسے چاہئے کہ عصر کی جماعت میں شامل ہونے کے بجائے ترتیب کے مطابق پہلے ظہر کی قضاء کرے اور اس کے بعد عصر کی نماز ادا کرے۔
2) لیکن اگر وہ شخص صاحب ترتیب نہیں ہے، پھر دیکھا جائے گا کہ عصر کی جماعت ایک مثل بعد ہوری ہے یا مثلین کے بعد، اگر عصر کی جماعت مثلین کے بعد ہورہی ہو (جیسا کہ عام طور پر پاکستان میں ہوتا ہے) تو اسے چاہئے کہ جماعت میں شامل ہوکر پہلے باجماعت عصر کی نماز پڑھ لے، بعد میں ظہر کی قضا کرلے۔
3) اگر عصر کی جماعت ایک مثل کے بعد ہورہی ہو (جیسا کہ عام طور پر عرب ممالک میں ہوتا ہے) تو چونکہ احناف کے مفتیٰ به قول کے مطابق ابھی ظہر کا وقت باقی ہے، اور ظہر کی نماز قضاء نہیں ہوئی ہے، اس لیے حنفی مسلک کی اتباع کرنے کو چاہیے کہ اس صورت میں پہلے اپنی ظہر کی نماز ادا کرے اور اس کے بعد عصر کی نماز پڑھ لے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الھندیة: (122/1، ط: دار الفکر)
الترتيب بين الفائتة والوقتية وبين الفوائت مستحق، كذا في الكافي حتى لا يجوز أداء الوقتية قبل قضاء الفائتة، كذا في محيط السرخسي. وكذا بين الفروض والوتر، هكذا في شرح الوقاية.

رد المحتار: (359/1، ط: سعید)
هل إذا لزم من تأخيره العصر إلى المثلين فوت الجماعة يكون الأولى التأخير أم لا؟ الظاهر الأول، بل يلزم لمن اعتقد رجحان قول الإمام، تأمل، ثم رأيت في آخر شرح المنية ناقلاً عن بعض الفتاوى: أنه لو كان إمام محلته يصلي العشاء قبل غياب الشفق الأبيض، فالأفضل أن يصليها وحده بعد البياض۔

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 177 Sep 30, 2024

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Salath (Prayer)

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.