عنوان: تہجد کے لیے سونا اور تہجد کی رکعات کی تعداد(2830-No)

سوال: مفتی صاحب ! کیا تہجد کے لیے رات کو سونا لازمی ہے اور کیا رات بارہ بجے کے بعد کبھی بھی پڑھ سکتے ہیں؟

جواب: تہجد کی نماز کیلئے سوکر اٹھنا ضروری نہیں ہے، بلکہ سوئے بغیر بھی پڑھ سکتے ہیں، البتہ سوکر اٹھنے کے بعد تہجد پڑھنا افضل ہے، عام طور پر سوکر اٹھنے کے بعد نفل پڑھنے کو "تہجد" کہا جاتا ہے، کیونکہ جس قدر بھی رات کا حصہ متاخر ہوتا جاتا ہے، برکات اور رحمتیں زیادہ ہوتی چلی جاتی ہیں، اور رات کے آخری پہر میں سب حصوں سے زیادہ برکات پائی جاتی ہیں۔
رسول اللہ ﷺ اور صحابۂ کرام ؓ کا معمول عام طور سے یہی رہا کہ آخر رات میں بیدار ہوکر نماز پڑھتے تھے، اس لئے افضل یہی ہے کہ تہجد کی نماز سوکر اٹھ کر رات کے آخری پہر میں پڑھی جائے۔
نوٹ: یہ حکم اس وقت ہے، جب بندے کو سونے سے پہلے یا بعد میں تہجد پڑھنے میں تردد ہو، لیکن اگر کسی کو کسی وجہ سے نیند ہی نہیں آئی اور وہ رات کے آخری حصہ تک جاگتا رہا، تو اس کے حق میں تہجد کیلئے پہلے سونے کو ضروری سمجھنا بھی درست نہیں ہے۔
نیز تہجد کی رکعات دو سے لیکر بارہ تک مختلف تعداد روایات میں منقول ہے، البتہ آنحضرت ﷺ کا عام معمول آٹھ رکعات پڑھنے کا تھا، اس لیے آٹھ رکعات پڑھنی بہتر ہے، ورنہ جتنی رکعات باآسانی ہوسکے، پڑھ سکتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

تفسير ابن كثير: (103/5)
فإن التهجد: ما كان بعد نوم. قاله علقمة، والأسود وإبراهيم النخعي، وغير واحد وهو المعروف في لغة العرب. وكذلك ثبتت الأحاديث عن رسول الله صلى الله عليه وسلم: أنه كان يتهجد بعد نومه، عن ابن عباس، وعائشة، وغير واحد من الصحابة، رضي الله عنهم، كما هو مبسوط في موضعه ، ولله الحمد والمنة. وقال الحسن البصري: هو ما كان بعد العشاء. ويحمل على ما بعد النوم.

صحیح البخاری: (باب کیف کان النبی ﷺ و کم کان النبی ﷺ یصلی من اللیل، رقم الحدیث: 1140، 275/1، ط: دار الکتب العلمیة)
عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا، قَالَتْ: «كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُصَلِّي مِنَ اللَّيْلِ ثَلاَثَ عَشْرَةَ رَكْعَةً مِنْهَا الوِتْرُ، وَرَكْعَتَا الفَجْرِ»

ترجمہ:
ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم رات کو تیرہ رکعتیں پڑھتے تھے۔ وتر اور فجر کی دو سنت رکعتیں اسی میں ہوتیں۔

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 465 Dec 09, 2019
tahajud ke leye sona or tahajud ki rakat ki tadad, Sleeping for tahajjud and number of rak'ahs / rakaat of tahajjud

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Salath (Prayer)

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.