سوال:
مفتی صاحب! رہنمائی فرمائیں کہ اس رمضان میں فطرہ اور فدیہ کے کتنی رقم ہو گی؟
جزاک اللہ
جواب: فطرانہ اور فدیہ دونوں کی مقدار تقریباً پونے دوکلو گندم بنتی ہے، اگر روپوں میں ادائیگی کرنا ہو، تو ادائیگی کے وقت پونے دو کلو گندم کی قیمت بازار سے معلوم کرلی جائے۔
واضح رہے کہ فدیہ دینے کا حکم تندرست اور صحت مند آدمی کے لئے نہیں ہے، تندرست آدمی پر روزے رکھنا ہی فرض ہے، فدیہ ایسے عمر رسیدہ شخص کے لئے ہے، جس میں روزہ رکھنے کی طاقت بالکل نہ ہو، یا عمر رسیدہ تو نہ ہو، لیکن اسے ایسا مرض لاحق ہوجائے کہ اسے اس مرض سے صحت یابی کی کوئی امید نہ ہو، ایسا شخص ہرروزہ کے بدلہ فدیہ اداکرے گا، ایسا شخص بھی اگر فدیہ دینے کے بعد تندرست ہوجائے، تو اسے روزے رکھنا ضروری ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
الدر المختار: (باب صدقۃ الفطر، 364/2)
یجب نصف صاع من بر او دقیقۃ او سویقۃ او صاع تمر او شعیر ولو روئبا، ومالم ینص علیہ کذرۃ وخبز یعتبر فیہ القیمۃ،
و فیہ ایضاً: (427/2، ط: سعید)
وللشیخ الفانی العاجز عن الصوم الفطر ویفدی) وجوبا ولوفی اوّل الشہر وبلا تعدد فقیر کالفطرۃ لوموسرا والافیستغفر اﷲ۔
حاشیۃ الطحطاوي علی مراقي الفلاح: (ص: 395)
وہي نصف صاع من بر أو دقیقہ أو سویقہ أو صاع تمر أو زبیب أو شعیر۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی