سوال:
میں پانچ وقت نماز کا پابند ہوں، لیکن کبھی کبھارغلبہ شہوت کے وقت فحش فلمیں بھی دیکھتا ہوں، یہ حرکت کرنے کے بعد مجھے گناہ کا احساس بھی ہوتا ہے کہ مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ براہ کرم مجھے کوئی وظیفہ یا علاج بتادیں کہ جس کے کرنے سے میں اس برائی سے بچ جاؤں۔
جواب: فحش ویڈیوز دیکھنا ناجائز اور حرام ہے، اس فعل سے فی الفور توبہ کرنی چاہیے، فحش ویڈیوز کی عادت چھوڑنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ نیک ماحول اور نیک لوگوں کی صحبت اختیار کریں، اس کے ساتھ ساتھ فرض نمازوں کی پابندی کے علاوہ اللہ تعالی سے فحش ویڈیو کے دیکھنے سے بچنے کی خصوصی دعا کرتے رہیں اور کوشش کریں کہ اپنے اوپر یہ لازم کرلیں کہ اگر دوبارہ فحش ویڈیوز دیکھیں تو اتنی رکعت نماز پڑھوں گا یا اتنے دن روزے رکھوں گا یا اپنی آمدنی کا اتنا حصہ صدقہ کروں گا وغیرہ وغیرہ۔
نیز تنہائی میں رہنے سے حتی الامکان گریز کریں، اور اگر شادی نہیں ہوئی تو جلدی رشتہ تلاش کر کے شادی کرلیں، اپنے آپ کو بامقصد کاموں میں اتنا مشغول کرلیں کہ فحش ویڈیوز کے دیکھنے کا وقت ہی نہ مل سکے۔ ان شاء اللہ ! اس ترتیب پر عمل کرنے سے آپ جلد ہی فحش ویڈیوز کے دیکھنے سے چھٹکارہ حاصل کرلیں گے۔ اللہ پاک آپ اور ہم سب کو اور تمام امت مسلمہ کو اس گناہ سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
القرآن الکریم: (النور، الایۃ: 30)
قُلْ لِّلْمُؤْمِنِيْنَ يَغُضُّوْا مِنْ اَبْصَارِهِمْ وَيَحْفَظُوْا فُرُوْجَهُمْ ۚ ذٰلِكَ اَزْكٰى لَهُمْ ۗ اِنَّ اللّٰهَ خَبِيْرٌ بِمَا يَصْنَعُوْنَo
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی