بیماری بھی اللہ تعالی کی طرف سے نعمت ہے
بیماری اور شفا مکمل طور پر اللہ رب العزت کی قدرت میں ہے، بعض اوقات اللہ تعالیٰ انسان کو آزمائش میں مبتلا فرماتے ہیں تاکہ وہ اپنے رب کی طرف رجوع کرلے، لہٰذا ہر بیماری انسان کو نہ صرف اس نعمت کی قدر کا احساس دلاتی ہے بلکہ انسان کو متعلقہ گناہوں سے توبہ کی تنبیہ بھی کرتی ہے، چنانچہ مسلمان کا ہر لمحہ اللہ تعالیٰ کی بندگی سے سرشار ہونا چاہئے، جس طرح ایک مسلمان صحت کی حالت میں اللہ تعالیٰ کی عبادت اور فرمانبرداری کرتا ہے، اسی طرح بیماری کی حالت میں بھی اسے اللہ تعالیٰ کے احکام کو مدِّ نظر رکھنا چاہئے اور اُس کی رضا پر راضی رہنا چاہیے، چنانچہ حدیثِ مبارک میں ہے:
عَنْ جَابِرٍ، أَنَّهُ سَمِعَ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: «لَا يَمْرَضُ مُؤْمِنٌ وَلَا مُؤْمِنَةٌ، وَلَا مُسْلِمٌ وَلَا مُسْلِمَةٌ، إِلَّا حَطَّ اللَّهُ بِهَا عَنْهُ خَطَيئَتَهُ»
(مسند احمد)
ترجمہ:
حضرت جابر فرماتے ہیں کہ انہوں نے نبی کریم ﷺکو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ:"کوئی مومن مرد یا کوئی مومن عورت اور کوئی مسلمان مرد یا مسلمان عورت بیمار نہیں ہوتی ،مگر اللہ تعالیٰ اس بیماری کی وجہ سے اس کے گناہوں کو معاف فرمادیتے ہیں ۔
(مسندِ احمد ،ج:3،ص:346،حدیث نمبر:14725)
(مستفادازاملاآرٹیکل بعنوان:"آنکھوں کے امراض سے متعلق شرعی رہنما اصول ")