معالج اور عیادت کرنے والوں کو مریض کے حق میں کن الفاظ سے دعا مانگنی چاہیے؟
( دارالافتاء الاخلاص)

معالج اور عیادت کرنے والوں کو مریض کے حق میں کن الفاظ سے دعا مانگنی چاہیے؟

احادیثِ مبارکہ میں مریض کے لیے درج ذیل دعائیں کرنا ثابت ہے :
جب کسی بیمار کے پاس عیادت کے لئے جائیں، یا کوئی مریض معالج کے پاس آئے تو اس سےیہ کہنا چاہیے:
لَا بَأْسَ طَهُورٌ إِنْ شَاءَ اللَّهُ
(جمع الفوائد،رقم الحدیث:2377)
ترجمہ:"فکر کی کوئی بات نہیں(یعنی اس بیماری سے غم نہ کھاؤ اس لیے کہ) یہ بیماری (گناہوں سے) پاک کرنے والی ہے، اگر اللہ نےچاہا"

مریض کے لیے سات مرتبہ یہ دعا کرنا بھی حدیث سےثابت ہے:
أَسْأَلُ اللَّهَ العَظِيمَ رَبَّ العَرْشِ العَظِيمِ أَنْ يَشْفِيَكَ
(سنن الترمذی،رقم الحدیث: 2083)
میں اللہ بزرگ وبرتر سے جو عرشِ عظیم کا مالک ہے، دعا کرتا ہوں کہ وہ آپ کو شفاء عطاء فرمائے۔

نیز حضورﷺسے یہ بھی ثابت ہے کہ جب کسی مریض کے پاس عیادت کے لیے تشریف لے جاتے ، تو اپنا دایا ں ہاتھ مریض پر رکھ کر یہ دعا فرمایا کرتے:
أَذْهِبِ الْبَاسَ، رَبَّ النَّاسِ، وَاشْفِ أَنْتَ الشَّافِي، لَا شِفَاءَ إِلَّا شِفَاؤُكَ، شِفَاءً لَا يُغَادِرُ سَقَمًا
(صحیح مسلم،ر قم الحدیث:2191)
ترجمہ:اے لوگوں کے رب !بیماری کو دور فرما اور شفا عطاکر کہ تو ہی شفا دینے والاہے ،اور تیرے علاوہ کوئی اور شفا دینے والا نہیں ہے، ایسی شفا عطا فرما ،جس کے بعد کوئی بیماری نہ ہو ۔

لہٰذا معالج یا جو شخص مریض کی عیادت کے لیے جائے، تو اس کو مریض کے حق میں مذکورہ مسنون دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیے۔


Print Views: 3089

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.