سوال:
کیا ماہ رمضان المبارک میں نائٹ ٹورنامنٹ منعقد کرنا اور اس میں حصہ لیناجائز ہے؟
جواب: کرکٹ میچ کھیلنا بذات خود جائز ہے، البتہ اس میں اس قدر انہماک جو عبادات اور دیگر فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کا باعث بن رہا ہو ممنوع ہے، اسی طرح اس کھیل میں قمار بازی (جوا وغیرہ) بھی شرعاً ممنوع ہے۔
جائز حدود میں رہتے ہوئے کرکٹ کا ٹورنامنٹ رات میں منعقد کرنا بھی جائز ہے، لیکن ماہ رمضان کی مبارک ساعتوں میں اس کا انعقاد کرنا ماہ رمضان کی ناقدری ہے، مسلمان کی شان یہ ہے کہ وہ رمضان المبارک کی راتوں کو عبادت اور ذکر و اذکار سے زندہ کرے، اس لئے ماہ مبارک کی راتوں میں کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد نہیں کرنا چاہیے، اور نہ ہی اس میں کسی قسم کی شرکت کرنی چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
الدر المختار: (395/6، ط: سعید)
(و) كره (كل لهو) لقوله - عليه الصلاة والسلام - كل لهو المسلم حرام إلا ثلاثة ملاعبته أهله وتأديبه لفرسه ومناضلته بقوسه"۔
الدر المختار مع رد المحتار: (752/6، ط: سعید)
(وحرم شرط الجعل من الجانبين) إلا إذا أدخل محللا بشروطه
(قوله وحرم شرط الجعل من الجانبين) بأن يقول إن سبق فرسك، فلك علي كذا وإن سبق فرسي، فلي عليك كذا زيلعي.
(قوله إلا إذا أدخل محللا) المناسب أدخلا وصورته أن يقولا لثالث إن سبقتنا فالمالان لك، وإن سبقناك فلا شيء لنا عليك
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی