عنوان: دوا کے طور پر جیلاٹین پر مشتمل کوشر سرٹیفائیڈ (Kosher Certified) گولیاں استعمال کرنے کا حکم (11166-No)

سوال: محترمی و مکرمی مولانا صاحب! کینیڈا سے مخاطب ہوں۔ سوال یہ تھا کہ یہاں مارکیٹ میں ہڈیوں کے درد کے لئے خواتین کے بالوں کے گرنے کے علاج کے لئے، جلد کے علاج کے لئے اور بہت سے دیگر صحت کے سپلیمینٹ (Health supplements) میں بووین (گائے سے حاصل کردہ) جیلوٹن/ کولیجن (Bovine gelatin / collagen) استعمال ہوتا ہے۔ کچھ کمپنیوں کے سپلیمنٹ کوشر سرٹیفائیڈ (Kosher certified) بھی مل جاتے ہیں، جبکہ اکثر ایسا نہیں ہوتا، کیا اس طرح کے کوشر سرٹیفائیڈ سپلیمنٹ استعمال کیے جا سکتے ہیں؟

جواب: واضح رہے کہ کوشر (Kosher) انگریزی زبان کا لفظ ہے، جو عبرانی زبان کے لفظ "کشروت" سے نکلا ہے۔ وہ کھانے جو ہلاخاہ (تحریری اور زبانی توریت پر مشتمل یہودی قوانین کا مجموعہ ہے) کے مطابق حلال ہیں، انہیں "کوشر" کہا جاتا ہے۔ (ویکیپیڈیا مع ترمیم)
اس تعریف کے مطابق کوشر گوشت (Kosher meat) اس یہودی ذبیحے کے گوشت کو کہا جاتا ہے جو یہودی مذہب کے مطابق جانور ذبح کرنے کے بعد حاصل ہوتا ہے۔ یہودی چونکہ اپنے علماء اور احبار کی نگرانی میں ذبح کے تمام مذہبی شرائط کا لحاظ رکھتے ہوئے یہ جانور ذبح کرتے ہیں اور اہل کتاب ہونے کی وجہ سے ان کا ذبیحہ مسلمانوں کے لیے حلال ہے، لہذا ایسے جانور سے حاصل شدہ جیلاٹین اور اس پر مشتمل دوا کا استعمال کرنا جائز ہوگا، بشرطیکہ اس میں کوئی اور حرام جزو ترکیبی (Ingredient) استعمال نہ کیا گیا ہو۔
البتہ اگر اس بات کا یقین یا غالب گمان حاصل ہوجائے کہ کوشر میں اسلامی شرائط (ذابح کا مسلمان یا اہل کتاب میں سے ہونا، بسم اللہ پڑھنا، چار رگوں میں سے کم از کم تین کاٹنا) کا لحاظ نہیں رکھا گیا ہے تو ایسے جانور سے حاصل شدہ جیلاٹین بھی حلال نہ ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

بدائع الصنائع: (45/5، ط: دار الكتب العلمية)
(ومنها) أن يكون مسلما أو كتابيا فلا تؤكل ذبيحة أهل الشرك والمجوسي والوثني وذبيحة المرتد ... وتؤكل ذبيحة أهل الكتاب لقوله تعالى ﴿وطعام الذين أوتوا الكتاب حل لكم﴾ [المائدة: ٥] والمراد منه ذبائحهم إذ لو لم يكن المراد ذلك لم يكن للتخصيص بأهل الكتاب معنى؛ لأن غير الذبائح من أطعمة الكفرة مأكول ولأن مطلق اسم الطعام يقع على الذبائح كما يقع على غيرها؛ لأنه اسم لما يتطعم والذبائح مما يتطعم فيدخل تحت إطلاق اسم الطعام فيحل لنا أكلها ويستوي فيه أهل الحرب منهم وغيرهم لعموم الآية الكريمة، وكذا يستوي فيه نصارى بني تغلب وغيرهم؛ لأنهم على دين النصارى إلا أنهم نصارى العرب فيتناولهم عموم الآية الشريفة.

بحوث فی قضایا فقھیة معاصرة: (435/1، ط: مکتبه معارف القرآن)
فاما الیھود فالمعروف عنھم حتی الآن انھم یحتفظون باحکام دینھم فی اللحوم وقد استطاعوا ان ینظموا لانفسھم مجازر خاصة تحت رقابة علمائھم واحبارھم وقد تمیز لحمھم باسم (کوشر) وھو متوفر فی مکان یوجد فیه الیھود.

ماخذہ تبویب فتاوی دار العلوم کراتشی: رقم الفتوی: 52/2135

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 41 Oct 10, 2023

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Medical Treatment

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.