سوال:
اگر کسی شخص نے قسم کھائی کہ ایک ہفتے تک گوشت نہیں کھائے گا، پھر وہ ایک ہفتہ گزرنے کے بعد گوشت کھالے، تو اس پر کفارہ واجب ہوگا یا نہیں، اور اگر وہ ایک ہفتے کے دوران کئی مرتبہ گوشت کھا لے، تو ایک کفارہ دینا واجب ہوگا یا کئی کفارے دینا پڑیں گے؟
جواب: اگر کوئی شخص یہ قسم کھائے کہ ایک ہفتہ تک گوشت نہیں کھائے گا، پھر وہ ایک ہفتہ تک گوشت نہ کھائے، تو اس کی قسم پوری ہوجائے گی، اور اس کے بعد گوشت کھانے کی وجہ سے اس پر کفارہ واجب نہیں ہوگا، اور اگر ہفتہ کے دوران ایک بار بھی گوشت کھا لیا، تو اس کی قسم ٹوٹ جائے گی، اور اس قسم کے ٹوٹنے کے بعد اس قسم کی پابندی لازم نہیں ہوگی، لہٰذا قسم ٹوٹنے کے بعد کئی بار گوشت کھالیا، تب بھی ایک ہی کفارہ ادا کرنا واجب ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
المبسوط للسرخسی: (کتاب الایمان، 196/3)
اذا حلف الرجل علی یمین فحنث فیہا فعلیہ الکفارۃ۔
رد المحتار: (352/3، ط: دار الفکر)
وفيها تنحل اليمين إذا وجد الشرط مرة۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی