عنوان: انٹرویو (Interview) میں کامیابی کے لیے اعمال و وظائف(13362-No)

سوال: انٹرویو دینے کے بعد کی کوئی دعا بتادیں کہ انٹرویو میں کامیابی ہوجائے اور جاب لگ جائے۔

جواب: واضح رہے کہ کسی بھی قسم کی حاجت اور مشکل میں کامیابی کے لیے ہر مسلمان کو نماز اور دعاؤں کا خوب اہتمام کرنا چاہیے، قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا اسۡتَعِیۡنُوۡا بِالصَّبۡرِ وَ الصَّلٰوۃِ ؕ اِنَّ اللّٰہَ مَعَ الصّٰبِرِیۡنَ ( البقرۃ، الایة:153)
"اے ایمان والو ! صبر اور نماز سے مدد حاصل کرو، بیشک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے"۔
اس خداوندی تعلیم کے مطابق جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا خود یہ معمول تھا کہ آپ علیہ الصلاۃ والسلام ہر قسم کی حاجت اور اہم معاملہ میں اللہ کی طرف متوجہ ہوجاتے تھے، وہیں امت کو بھی ایسے موقع پر آپ علیہ الصلاۃ والسلام نے صلاۃ الحاجة (نمازِ حاجت) پڑھنے کی تلقین فرمائی ہے، چنانچہ حضرت عبداللہ بن ابی اوفی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"جس شخص کو کوئی حاجت اور ضرورت ہو اللہ تعالیٰ سے متعلق یا کسی آدمی سے متعلق (یعنی خواہ وہ حاجت ایسی ہو جس کا تعلق براہ راست اللہ تعالیٰ ہی سے ہو، کسی بندے سے اس کا واسطہ ہی نہ ہو یا ایسا معاملہ ہو کہ بظاہر اس کا تعلق کسی بندے سے ہو، بہر صورت) اس کو چاہئے کہ اچھی طرح وضو کرنے کے بعد دو رکعت نماز پڑھے، اس کے بعد اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کرے، اور جناب نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجے، پھر یہ دعا پڑھے: لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ الحَلِيمُ الكَرِيمُ، سُبْحَانَ اللهِ رَبِّ العَرْشِ العَظِيمِ، الحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ العَالَمِينَ، أَسْأَلُكَ مُوجِبَاتِ رَحْمَتِكَ، وَعَزَائِمَ مَغْفِرَتِكَ، وَالغَنِيمَةَ مِنْ كُلِّ بِرٍّ، وَالسَّلاَمَةَ مِنْ كُلِّ إِثْمٍ، لاَ تَدَعْ لِي ذَنْبًا إِلاَّ غَفَرْتَهُ، وَلاَ هَمًّا إِلاَّ فَرَّجْتَهُ، وَلاَ حَاجَةً هِيَ لَكَ رِضًا إِلاَّ قَضَيْتَهَا يَا أَرْحَمَ الرَّاحِمِينَ". (ترمذی، حدیث نمبر: 479)
( ان شاء اللہ اس کی برکت سے اللہ تعالیٰ اس کی حاجت کو پوری فرمائیں گے )
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "دعا مؤمن کا ہتھیار ہے"۔(زوائد ابی یعلیٰ الموصلی، حدیث نمبر:1675 )
لہذا انٹرویو میں کامیابی کے لیے مذکورہ طریقے پر صلاۃ الحاجۃ پڑھنے کا اہتمام کرنا چاہیے، اور اس کے بعد خوب اللہ تعالیٰ سے کامیابی کی دعا مانگنی چاہیے، نیز اس کے ساتھ ساتھ کثرتِ استغفار اور صدقہ دینے کا بھی اہتمام کرنا چاہیے۔
ان شاء اللہ ان اعمال کی برکت سے انٹرویو میں کامیابی اور اللہ کی طرف سے خیر کے فیصلے نصیب ہوں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الکریم: (البقرۃ، الآية: 153)
یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا اسۡتَعِیۡنُوۡا بِالصَّبۡرِ وَ الصَّلٰوۃِ ؕ اِنَّ اللّٰہَ مَعَ الصّٰبِرِیۡنَo

سنن الترمذی: (رقم الحدیث: 479، 603/1، ط: دار الغرب الاسلامي)
عن عبد الله بن أبي أوفى، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: من كانت له إلى الله حاجة، أو إلى أحد من بني آدم فليتوضأ وليحسن الوضوء، ثم ليصل ركعتين، ثم ليثن على الله، وليصل على النبي صلى الله عليه وسلم، ثم ليقل: لا إله إلا الله الحليم الكريم، سبحان الله رب العرش العظيم، الحمد لله رب العالمين، أسألك موجبات رحمتك، وعزائم مغفرتك، والغنيمة من كل بر، والسلامة من كل إثم، لا تدع لي ذنبا إلا غفرته، ولا هما إلا فرجته، ولا حاجة هي لك رضا إلا قضيتها يا أرحم الراحمين.

المقصد العلي في زوائد أبي يعلي الموصلي: (رقم الحدیث: 1675، 341/4، ط: دار الكتب العلمية)
حدثنا الحسن بن الحماد الكوفي، حدثنا محمد بن الحسن بن أبي يزيد الهمذاني، عن جعفر بن محمد عن أبيه، عن جده، عن علي قال: قال رسول الله صلي الله عليه وسلم: « الدعا سلاح المؤمن وعماد الدين ونور السموات والارض».

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 685 Nov 23, 2023
interview me kamyabi k liye amal wa wazaif

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Azkaar & Supplications

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.