سوال:
السلام علیکم، حضرت! تروایح میں امام قرآن سامنے رکھ کر نماز پڑھاتا ہے، کیا ہماری نماز ایسے امام کے پیچھے ہو جائے گی؟ خصوصاً باہر ممالک میں عرب ائمہ کے پیچھے پڑھنے کا کیا حکم ہے؟
جواب: احناف کے نزدیک قرآن شریف میں سے دیکھ کر پڑھنے سے نماز فاسد ہو جاتی ہے، اس لیے ایسے امام کے پیچھے نماز پڑھنا درست نہیں ہے، البتہ اگر عرب ممالک میں حنفی مسلک کے مطابق تراویح پڑھنے کی کوئی اور صورت ممکن نہ ہو اور ایسے امام کے پیچھے نماز نہ پڑھنے میں شدید فتنے اور انتشار کا اندیشہ ہو تو اس صورت میں بوجہ مجبوری صاحبینؒ کے قول پر عمل کرنے کی گنجائش معلوم ہوتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
اعلاء السنن: (باب فساد القرآن من المصحف، 51/5، 52)
القرأۃ من المصحف فی الصلاۃ، مفسدۃ عند أبی حنیفۃ لأنہ عمل کثیر ( أو لأنہ تلقن منہ ) وعند أبی یوسف ؒومحمد ؒ یجوز لأن النظر فی المصحف عبادۃ ولکنہ یکرہ لمافیہ من التشبہ بأہل الکتاب فی ہذہ الحالۃ وبہ قال الشافعی وأحمد وعند مالک وأحمد فی روایۃ لا تفسد فی النفل فقط۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی