عنوان: کیا نام کا اثر مسمی پر ہوتا ہے؟(1416-No)

سوال: السلام عليكم، نام سے قسمت پر کوئی اثر پڑتا ہے؟

جواب: بچے کے نام رکھنے سے متعلق دو باتیں ذہن نشین فرمائیں:
پہلی بات:
اچھا نام رکھنے کو آپ ﷺ نے اولاد کے حقوق میں شمار فرمایا ہے۔ ایک حدیث میں ہے :
عِنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رضی اللہ عنہ :أَنَّہُمْ قَالُوْا یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ! قَدْ عَلِمْنَا مَا حَقُّ الْوَالِدِ عَلَی الْوَلَدِ فَمَا حَقُّ الْوَلَدِ عَلَی الْوَالِدِ؟قَالَ أَنْ یُحْسِنَ اِسْمَہ‘ وَیُحْسِنَ أَدَبَہ‘۔
( شعب الایمان، حدیث نمبر:۸۶۵۸) 
ترجمہ: حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ صحابۂ کرام  رضی  اللہ عنہم نے کہا : اے اللہ کے رسول ! ہم نے یہ جان لیا کہ بچہ پر باپ کا کیا حق ہے، پس (آپ بتائیں کہ) باپ پربچے کا کیا حق ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: کہ(باپ پر بچہ کا یہ حق ہے کہ ) اس کااچھا نام رکھے اوراس کوحسن ا دب سے آراستہ کریں۔
ایک اور حدیث میں ہے کہ حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے :
اِنَّکُمْ ُتدْعَوْنَ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ بِأَسْمَائِکُمْ وَاَسْمَاءِ آبَائِکُمْ فَأَحْسِنُوْا أَسْمَائَکُمْ ۔
ترجمہ:
نبی ﷺ نے فرمایا :کہ تم لوگ قیامت کے دن اپنے باپوں کے نام سے پکارے جاؤگے تو اپنا نام اچھا رکھو۔
(سنن ابی داؤد:2/676،المیزان ،کراچی)

دوسری بات:
اچھے اوربرے نام کااثر
اچھے ناموں کے اچھے اثرات اور برے ناموں کے برے اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔چنانچہ ایک روایت میں یہ واقعہ منقول ہے :
عَنْ عَبْدِالْحَمِیْدِ بْنِ جُبَیْرِ بْنِ شَیْبَۃَ قَالَ جَلَسْتُ اِلٰی سَعِیْدِ بْنِ الْمُسَیِّبِ فَحَدَّثَنِیْ أَنَّ جَدَّ ہٗ حَزَنًا قَدِمَ عَلٰی النبی صلی اللہ علیہ و سلم قَالَ مَا اسْمُکَ قَالَ اسْمِیْ حَزَنٌ قَالَ بَلْ اَنْتَ سَھْلٌ قَالَ ھَل اَنَا بِمُغَیِّرٍ اِسْمًا سَمَّانِیْہِ أَبِیْ قَالَ ابْنُ المُسَیِّبِ فَمَا زَالَتْ فِیْنَا الْحَزُوْنَۃُ بَعْدُ۔
( ابوداؤد :۲ /۶۷۷، مصنف عبد الرزاق :۱۱/۴۱ ،السنن الکبرٰی :۹/۵۱۶ بخاری: ۲/۹۱۴ )
ترجمہ:حضرت عبد الحمید ابن جبیر ابن شیبہ کہتے کہ (ایک دن ) میں حضرت سعید ابن المسیب کی خدمت میں حاضر تھا کہ انہوں نے مجھ سے یہ حدیث بیان کی کہ میرے دادا جن کا نام حزن تھا، نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم  کی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے پو چھا تمہارا نام کیا ہے؟ انہوں نے کہا میرانام حزن ( جس کے معنٰی ہیں سخت اور دشوار گزارزمین) ہے۔ آپﷺ نے فرمایا کہ: (حزن کوئی اچھا نام نہیں ہے ) بلکہ میں تمہارا نام سہل ( اس کے معنی ہیں ملا ئم اور ہموار زمین، جہاں آدمی کو آرام ملے) رکھتا ہوں ۔ میرے دادا نے کہا کہ میرے باپ نے میرا جو نام رکھا  ہے، اب میں اس کو بدل نہیں سکتا ۔ حضرت سعید ؓ نے فرمایا کہ: اس کے بعد سے ہمارے خاندان میں ہمیشہ سختی رہی۔
اس سے اتنی بات واضح ہو گئی کہ کبھی ناموں کے اچھے، برے اثرات مسمٰی پر مرتب ہوتے ہیں، لہٰذا اچھے ناموں کا انتخاب کرنا چاہئے اور برے ناموں سے احتراز کرنا چاہیے۔

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 430 May 01, 2019
Kia naam ka asar mussami per hota hai , Does the name have an effect on the person?

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Islamic Names

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.