سوال:
أيام بيض (چاندنی تاریخوں) کے روزے فضیلت میں سیدنا ابوذر فرماتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے مجھے چاند کی 13, 14 اور 15 تاريخ كے روزے رکھنے کی وصیت فرمائی) الترمذي (761) النسائي (2424) مفتی صاحب! معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا یہ روزے رکھنے چاہیں؟
جواب: جی ہاں ! ایامِ بیض (قمری مہینے کی 13، 14، 15 تاریخ) کے روزے رکھنا مستحب ہیں، ان کا رکھنا فضیلت کا باعث ہے۔
حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :صَوْمُ ثَلَاثَةٍ مِنْ کُلِّ شَهْرٍ، وَرَمَضَانَ إِلَی رَمَضَانَ صَوْمُ الدَّهْرِ.
ترجمہ: ہر ماہ تین دن کے روزے رکھنا اور ایک رمضان کے بعد دوسرے رمضان کے روزے رکھنا یہ تمام عمر کے روزوں کے مترادف ہے۔(صحیح مسلم، کتاب الصيام، باب استحباب صيام ثلاثة أيام من کل شهر، 2 : 819، رقم : 1162)
صحیح بخاری میں ہے:عن أبی ہریرۃ رضی اللہ عنہ قال: أوصانی خلیلی صلی اللہ علیہ وسلم بثلاث: صیام ثلٰثۃ أیام من کل شہر، ورکعتی الضحیٰ، وأن أوتر قبل أن أنام۔ (بخاری شریف کتاب الصوم ، باب صیام البیض)
ترجمہ: ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ مجھے میرے خلیل صلی اللہ علیہ وسلم نے تین باتوں کی وصیت کی ہے، ہر مہینے تین روزے رکھنے کی، چاشت کی نماز پڑھنے کی اور سونے سے پہلے وتر پڑھنے کی۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی