سوال:
میرا سوال یہ ہے کہ میرے لیے رشتے آتے ہیں، لیکن مکمل بات نہیں بنتی، دو دفعہ میری رسم ہوچکی ہے، لیکن کچھ مہینوں بعد ختم ہوجاتی ہے، میری تعلیم اچھی ہے، لیکن میرا رنگ گندمی ہے جس بات پر میرا رشتہ ختم ہوجاتا ہے، تعلیم سے لوگ دیکھنے آتے ہیں، لیکن دیکھ کے جواب نہیں دیتے۔ میری عمر 26 سال ہے، مجھے شادی کے لیے وظیفہ بتا دیجیے، میں نماز اور نفلی روزے بھی رکھتی ہوں۔
جواب: نماز روزے کے اہتمام کے ساتھ صلوۃ الحاجت پڑھ کر اللہ تعالی کے حضور دعا کرنے کا معمول بنائیں اور قرآن شریف میں وارد یہ دعا بھی مانگ لیا کریں: "رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ أَزْوَاجِنَا وَذُرِّيَّاتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ۔۔۔"[الفرقان: 74]
ترجمہ : ہمارے پروردگار! ہمیں اپنے ازواج اور بچوں سے آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما۔
اسی طرح فجر کی نماز کے بعد یا دن میں کسی بھی وقت سورہ "یٰس" پڑھیں، اور اگر ہوسکے تو نماز عشاء کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں گیارہ سو مرتبہ "یَا لَطِیْفُ" پڑھ کر اللہ تعالٰی سے دعا کریں، نیز اس کے ساتھ حسبِ توفیق صدقہ اور استغفار کی کثرت کا بھی اہتمام فرمائیں، ان شاء اللہ! اللہ آپ کی مشکل کو آسان فرمائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
كنز العمال: (589/1، ط: مؤسسة الرسالة)
2685: "اقرأوا يس فإن فيها عشر بركات: ما قرأها جائع إلا شبع وما قرأها عار إلا اكتسى وما قرأها أعزب إلا تزوج وما قرأها خائف إلا أمن وما قرأها محزون إلا فرح وما قرأها مسافر إلا أعين على سفره وما قرأها رجل ضلت له ضالة إلا وجدها وما قرئت على ميت إلا خفف عنه وما قرأها عطشان إلا روي وما قرأها مريض إلا بريء". (الديلمي) عن علي وفيه مسعدة ابن اليسع كذاب.
آپ کے مسائل اور ان کا حل: (252/4، ط: مکتبة لدھيانوي)
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی