عنوان: طلاق کی شرط پر حلالہ کرکے دوسرے شوہر کی طلاق کی عدت مکمل کرنے کے بعد سابقہ شوہر سے نکاح کرنے کا حکم (21338-No)

سوال: ایک شخص نے تقریبا دس سال پہلے اپنی بیوی کو تین دفعہ طلاق دے دی، ان کے دو بچے ہیں، عدت گزرنے کے کچھ عرصے کے بعد ان دونوں نے بچوں کے خاطر دوبارہ شادی کرنا چاہی، اس کے لیے انہوں نے حلالہ کروایا اور حلالہ میں انہوں نے طلاق کی شرط رکھی کہ حلالہ کرنے والا حلالہ کرکے اس کو طلاق دے دے گا، اس نے طلاق دے دی اور عدت گزرنے کے بعد دونوں میاں بیوی نے دوبارہ نکاح کر لیا، اب 10 سال گزرنے کے بعد یہ حلالہ والا مسئلہ دوبارہ کسی نے اٹھا دیا کہ یہ حلالہ نہیں ہوا تھا اور اس طرح نکاح بھی دوبارہ نہیں ہوا تھا اور دونوں میاں بیوی گناہ کی زندگی گزار رہے ہیں۔ برائے کرم آپ شرعی رہنمائی فرما دیں۔
تنقیح: محترم اس بات کی وضاحت کردیں کہ دوسرے شوہر نے نکاح کے بعد باقاعدہ دونوں کے درمیان میاں بیوی والے تعلقات قائم ہونے کے بعد طلاق دی تھی یا میاں بیوی والے تعلق قائم ہونے سے پہلے صرف نکاح کرکے دوسرے شوہر نے طلاق دی تھی؟اس وضاحت کے بعد آپ کے سوال کا جواب دیا جاسکے گا۔
جواب تنقیح: جی! میاں بیوی والا تعلق قائم ہونے کے بعد طلاق دی تھی۔

جواب: پوچھی گئی صورت میں تین طلاقوں کے بعد طلاق کی شرط پر حلالہ کرنے کی وجہ سے حلالہ کرنے والا اور جس کے لیے حلالہ کیا گیا تھا، یہ سب انتہائی برے اور موجبِ لعنت کام کے مرتکب ہوئے ہیں، جس پر ان سب کے لیے اللہ کے حضور سچے دل سے توبہ واستغفار کرنا لازم ہے، تاہم اس طرح سے طلاق کی شرط پر حلالہ کرنے سے بھی نکاح منعقد ہوجاتا ہے، لہذا دوسرے شوہر سے میاں بیوی والے تعلقات قائم ہونے کے بعد اس کی طرف سے دی گئی طلاق کی عدت مکمل کرکے سابقہ شوہر سے دوبارہ نکاح درست ہوا ہے، اس لیے اس کے بعد دونوں کے لیے میاں بیوی کی حیثیت سے زندگی گزارنا جائز اور حلال ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الدر المختار: (414/3، ط: دار الفکر)
(و كره) التزوج للثاني (تحريما) لحديث «لعن المحلل والمحلل له» (بشرط التحليل) كتزوجتك على أن أحللك (وإن حلت للأول) لصحة النكاح وبطلان الشرط فلا يجبر على الطلاق كما حققه الكمال، خلافا لما زعمه البزازي.

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 274 Oct 01, 2024

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Divorce

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.