عنوان: وضو کی سنتیں (21346-No)

سوال: مفتی صاحب! وضو میں کیا کیا چیزیں سنت ہیں؟ براہ کرم ارشاد فرمادیں۔

جواب: وضو میں درج ذیل کام کرنا سنت ہیں:
(1) وضو شروع کرنے سے پہلے وضو کی نیت کرنا۔
(2) بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ پڑھنا۔
(3) دونوں ہاتھوں کو گٹوں تک دھونا۔
(4) مسواک کرنا، اگر مسواک نہ ملے تو پھر انگلی یا موٹا کپڑا استعمال کرنا۔
(5) کلی کرنا۔ ( تین مرتبہ )
(6) ناک میں پانی ڈالنا۔ (تین مرتبہ)
(7) اگر روزہ نہ ہو تو کلی میں غرغرہ کرنا اور ناک میں کچی ہڈی تک پانی چڑھانا اور بائیں ہاتھ سے ناک صاف کرنا۔
(8) ہر عضو کو تین مرتبہ دھونا۔
(9) سارے سر کا مسح کرنا۔
(10) اپنے کانوں کا مسح کرنا (جس کا طریقہ یہ ہے کہ کلمہ والی انگلی سے کان کے اندر کا مسح کرے اور انگوٹھوں سے کان سے اوپر کا مسح کرے۔ یادر ہے کہ کان کیلئے الگ سے پانی لینے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ سر کے مسح سے جو پانی بچا ہے وہ کافی ہے۔)
(11) داڑھی کا خلال کرنا۔
(12) انگلیوں کا خلال کرنا۔ پاؤں کی انگلیوں میں خلال کا طریقہ یہ ہے کہ بائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی سے پیر کی انگلیوں کا خلال کرے، دائیں پیر کی چھوٹی انگلی سے شروع کرے اور بالترتیب بائیں پیر کی چھوٹی انگلی پرختم کر دے۔
(13) اعضاء کو دھوتے وقت انھیں ملنا۔
(14) دوسرے عضو کو پہلے عضو کے خشک ہونے سے پہلے پہلے دھو لینا۔
(15) اعضاء کے دھونے میں ترتیب کا خیال رکھنا، پہلے چہرہ دھونا، پھر دونوں ہاتھ دھونا، پھر سر کا مسح کرنا اور پھر دونوں پاؤں دھونا۔
(16) دائیں ہاتھ کو بائیں ہاتھ اور دائیں پاؤں کو بائیں پاؤں سے پہلے دھونا۔
(17) سر کے اگلے حصے سے مسح کی ابتداء کرنا۔
(ماخوذ از تفہیم الفقہ، ص: 33، ط: مکتبۃ النور)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

کنز الدقائق: (ص: 140، ط: دار البشائر الاسلامیة)
وسننه غسل يديه إلى رسغيه ابتداء
والتسمية والسواك وغسل فمه وأنفه وتخليل لحيته وأصابعه. وتثليث الغسل ونيته ومسح كل رأسه مرة وأذنيه بمائه والترتيب المنصوص والولاء.

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 59 Oct 04, 2024
wazu ki sunnatain

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Purity & Impurity

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.