عنوان: عورت کے مطالبے پر شوہر کا تحریری یا زبانی طور پر خلع دینے کا حکم (22414-No)

سوال: السلام علیکم! اگر بیوی خلع کی تجویز دے اور خاوند قبول کر لے تو کیا طلاق واقع ہو جاتی ہے؟ آیا خلع کی صورت میں دوبارہ رجوع کرنے کی گنجائش ہے؟
تنقیح:
محترم آپ کا سوال واضح نہیں ہے، اس بات کی وضاحت فرمائیں کہ بیوی کا خلع کی تجویز دینے اور شوہر کے قبول کرنے سے کیا مراد ہے؟ دونوں نے کیا الفاظ استعمال کیے ہیں؟ وضاحت سے لکھ کر بھیجیں، اس وضاحت کے بعد ہی آپ کے سوال کا جواب دیا جا سکتا ہے۔
جواب تنقیح:
السلام علیکم! اگر بیوی خلع کی تجویز دے یعنی طلاق کا مطالبہ کرے اور خاوند وہ مطالبہ قبول کر لے تو کیا خاوند کا بیوی کے مطالبہ سے راضی ہونے سے ہی (یعنی قبول کرنے سے ہی) طلاق واقع ہو جاتی ہے؟ اگر طلاق واقع ہو جاتی ہے تو یہ طلاق کی کون سی قسم ہوگی؟ اور اگر طلاق واقع نہیں ہوتی تو کیا خلع واقع ہونے کے لئے خاوند کو طلاق احسن، حسن یا بائن وغیرہ میں سے کوئی طلاق دینی ہوگی اور اس کے الفاظ کیا ہوں گے؟آیا خلع کی صورت میں دوبارہ رجوع کرنے کی گنجائش ہے؟ جزاک اللہ

جواب: واضح رہے کہ اگر بیوی کے مطالبے پر شوہر زبانی یا تحریری طور پر اسے خلع دے دے تو اس کی بیوی پر ایک طلاق بائن واقع ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے عورت اسی وقت شوہر کے نکاح سے نکل جاتی ہے اور اس کے بعد شوہر کو بلا نکاح رجوع کا اختیار حاصل نہیں رہتا ہے، اس کے بعد اگر شوہر رجوع کرنا چاہے (خواہ دورانِ عدت یا عدت گزرنے کے بعد) تو عورت کی رضامندی سے دوبارہ نئے مہر کے ساتھ نکاح کر سکتا ہے اور نکاح جدید کے بعد شوہر کو صرف دو طلاقوں کا اختیار حاصل ہوگا۔
سوال میں ذکر کردہ صورت میں اگر شوہر کے قبول کرنے سے یہی مراد ہے کہ شوہر نے زبانی یا تحریری طور پر بیوی سے کہا کہ "میں تمہیں خلع دیتا ہوں/ دے دی" تو اس جملے کا حکم درجہ بالا تفصیل کے مطابق ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الهندية: (488/1، ط: دار الفکر)
الخلع إزالة ملك النكاح ببدل بلفظ الخلع كذا في فتح القدير وقد يصح بلفظ البيع والشراء وقد يكون بالفارسية كذا في الظهيرية
(وشرطه) شرط الطلاق (وحكمه) وقوع الطلاق البائن كذا في التبيين. وتصح نية الثلاث فيه.

و فیه ایضاً: (472/1، ط: دار الفکر)
إذا كان الطلاق بائنا دون الثلاث فله أن يتزوجها في العدة وبعد انقضائها.

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 45 Oct 23, 2024

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Divorce

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.