resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: طلاق کو کئی شرائط کے ساتھ معلق کرنے کے بعد اس سے بچنے کا طریقہ (22690-No)

سوال: ایک شوہر نے اپنے بیوی سے کہا کہ اگر اپنے ماں باپ اور بہن بھائیوں سے بات کی یا ان کے گھر گئی تو تجھے تین طلاق ہوگی اور ماں باپ کے رشتہ داروں کے گھر گئی تو تجھے تین طلاق ہوگی اور آپ کی ماں، باپ، بہن بھائی ہمارے گھر آئے تو بھی تین طلاق ہوگی، اب اس کا شرعی حل کیا ہوگا اور جانے کا ترتیب کیسے ہوگی؟

جواب: واضح رہے کہ جب شوہر طلاق کو کسی شرط کے ساتھ معلق کر دیتا ہے تو شرعاً طلاق معلق ہو جاتی ہے، اس کے بعد جب کبھی شرط پائی جائے تو طلاق واقع ہو جاتی ہے۔
سوال میں ذکر کردہ الفاظ میں شوہر نے طلاق کو کئی شرائط کے ساتھ معلق کیا ہے، لہذا اگر ان شرائط میں سے کوئی ایک شرط بھی پائی گئی تو اس کی بیوی پر تین طلاقیں واقع ہو جائیں گی۔
البتہ تین طلاقوں سے بچنے کی ایک صورت یہ ہوسکتی ہے کہ شوہر بیوی کو ایک طلاق دے دے اور پھر بیوی طلاق کی عدت گزار لے(اس وقت تک عورت سوال میں ذکر کردہ مشروط کاموں سے مکمل طور پر اپنے آپ کو بچائے رکھے)، عدت مکمل ہونے کے بعد بیوی اور شوہر کا تعلق ختم ہو جائے گا اور وہ دونوں ایک دوسرے کے لیے اجنبی ہو جائیں گے، اب بیوی سوال میں مذکور چاروں شرطیں پوری کرلے، اس وقت چونکہ ان دونوں کے درمیان میاں بیوی کا تعلق نہیں ہوگا، اس لیے مذکورہ شرائط پوری ہونے کی وجہ سے اس خاتون پر یہ طلاقیں واقع نہیں ہوں گی، اس کے بعد اگر بیوی چاہے تو اپنی مرضی سے گواہوں کی موجودگی میں نئے مہر کے ساتھ دوبارہ نکاح کرسکتی ہے، اس صورت میں شرائط بھی پوری ہوجائیں گی اور بیوی حرام ہونے سے بھی بچ جائے گی اور آئندہ کے لیے مذکورہ کام کرنے سے بیوی پر طلاق واقع نہیں ہوگی، البتہ اس نئے نکاح کے بعد آئندہ کے لیے شوہر کو صرف دو طلاقوں کا اختیار ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الهندية: (الفصل الثالث في تعلیق الطلاق، 420/1، ط: دار الفکر)
و اذا اضافه الی الشرط وقع عقيب الشرط اتفاقا مثل أن یقول لامرأتہ إن دخلت الدار فأنت طالق۔

الدر المختار: (355/3، ط: دار الفکر)
"فحيلة من علق الثلاث بدخول الدار أن يطلقها واحدة ثم بعد العدة تدخلها فتنحل اليمين فينكحها."

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Divorce