سوال:
عیدالاضحی کے علاوہ مرغی ذبح کرتے وقت یا جانور ذبح کرتے وقت تکبیر کہنا ضروری ہے؟
جواب: ذبح شرعی میں ہر جانور ذبح کرتے وقت اللہ کا نام لینا ضروری ہے، خواہ وہ قربانی کا جانور ہو یا عام جانور، اس کے بغیر ذبح شرعی نہیں ہوگا اور جانور بھی حلال نہیں ہوگا، البتہ مستحب یہ ہے کہ "بسم اللہ أللہ أکبر" کہہ کر ذبح کرے، اور اگر کسی نے جانور ذبح کرتے وقت جان بوجھ کر بسم اللہ نہیں پڑھی یا کم از کم اللہ کا نام نہیں لیا تو ذبیحہ حلال نہیں، بلکہ حرام و مردار ہوگا اور اگر کسی مسلمان سے بسم اللہ یا اللہ کا نام بھولے سے چھوٹ گیا اور اس نے جان بوجھ کر نہیں چھوڑا، تو چونکہ بھول معاف ہے، لہٰذا اس صورت میں جانور حلال ہوگا، حرام ومردار نہیں ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
الدر المختار: (کتاب الذبائح، 431/9- 437، ط: مکتبة زکریا)
لا تحل ذبیحة ……تارک تسمیة عمداً……فإن ترکھا ناسیاً حل ………والشرط فی التسمیة ھو الذکر الخالص عن شوب الدعاء وغیرہ……والمستحب أن یقول: بسم اللہ أللہ أکبر الخ
خلاصۃ الفتاوی: (308/4)
و لو قال مکان التسمیۃ الحمد للّٰہ او سبحان اللہ یرید التسمیۃ اجزاہ۔ اھ
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی