سوال:
مفتی صاحب ! السلام علیکم، بچے کی پیدائش کے بعد سر مونڈنے اور اس کے برابر سونا صدقہ میں دینے کا کیا حکم ہے؟ اور میں جاننا چاہتا ہوں کہ یہ سونا اور چاندنی کے مساوی وزن ہے؟
جواب: نوزائیدہ بچے کے سر کے بال مونڈکر اس کے وزن کےاندازے سے سونا، چاندی یا اس کی قیمت صدقہ کرنا مستحب ہے۔
عام طور پر بچے کے سر کے بالوں کا وزن ایک درہم ہوتا ہے، جوکہ آج کل گرام کے حساب سے3.0618 گرام ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ حکم مستحب ہے اور مستحب کا مطلب یہ ہے جس کام کو آپ ﷺ نے یا آپ کے صحابہ ؓ نے کیا ہو یا اس کو اچھا خیال کیا ہو یا تابعین نے اس کو اچھا سمجھا ہو، لیکن اس کو ہمیشہ نہیں کیا ہو، بلکہ کبھی کیا اور کبھی ترک کیا ہو، اس کا کرنا ثواب ہے اور نہ کرنا گناہ نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
سنن الترمذی: (باب العقیقة بشاۃ، رقم الحدیث: 1519)
عن علیؓ قال: عقّ رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم عن الحسن بشاۃ فقال: یا فاطمۃ! احلقی رأسہ وتصدقی بزنۃ شعرہ فکان وزنہ درہماً أو بعض درہم۔
واللہ تعالی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی