سوال:
مفتی صاحب! کیا قسم کا کفارہ ایک شخص کو دیا جا سکتا ہے یا مختلف لوگوں کو دینا ضروری ہے؟ وضاحت فرمائیں۔
جواب: واضح رہے کہ قسم کا کفارہ دس مساکین کو دو وقت کا پیٹ بھر کر کھانا کھلانے یا دس مساکین کو کپڑے دینے سے ادا ہوتا ہے، اگر ان میں سے کسی کی بھی استطاعت نہ ہو تو مسلسل تین روزے رکھنے سے بھی قسم کا کفارہ ادا ہو جائے گا۔
لہذا اگر کوئی شخص دس فقراء و مساکین کے بجائے ایک ہی فقیر کو کفارہ ادا کرنا چاہے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ دس دن تک ایک مسکین کو دو وقت کا کھانا پیٹ بھر کر کھلائے یا دس دن تک ایک مسکین کو روزانہ ایک لباس دے، لیکن اگر کسی نے ایک مسکین کو دس مساکین کا کھانا ایک ہی دن میں کھلایا یا ایک ہی مسکین کو دس مساکین کا لباس ایک ہی دن میں دیا تو اس سے کفارہ ادا نہیں ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
رد المحتار:(مطلب کفارۃ الیمین،725/3،ط: سعید)
ﻟﻮ ﺃﻋﻄﻰ ﻣﺴﻜﻴﻨﺎ ﻭاﺣﺪا ﻓﻲ ﻋﺸﺮﺓ ﺃﻳﺎﻡ ﻛﻞ ﻳﻮﻡ ﻧﺼﻒ ﺻﺎﻉ ﻳﺠﻮﺯ، ﻭﻟﻮ ﺃﻋﻄﺎﻩ ﻓﻲ ﻳﻮﻡ ﻭاﺣﺪ ﺑﺪﻓﻌﺎﺕ ﻓﻲ ﻋﺸﺮ ﺳﺎﻋﺎﺕ، ﻗﻴﻞ ﻳﺠﺰﺉ، ﻭﻗﻴﻞ ﻻ، ﻭﻫﻮ اﻟﺼﺤﻴﺢ.
المبسوط للسرخسي:(باب الکسوۃ،165/8،ط: رشیدیة)
واللّٰہ تعالیٰ اعلم بالصواب
دار الافتاء الاخلاص کراچی