سوال:
مفتی صاحب! کیا ڈاکٹر اپنی ارجنٹ فیس عام فیس کے مقابلے میں زیادہ رکھ سکتا ہے؟ یعنی عام فیس کم اور ایمرجنسی کی زیادہ ہو، رہنمائی فرمائیں۔
جواب: واضح رہے کہ ڈاکٹر اور مریض کے درمیان طے ہونے والا معاملہ از روئے شرع "اجارہ" ہے، جس کی صحت کے لیے اجرت کا متعین ہونا ضروری ہے، لہذا کوئی ڈاکٹر مریض کو فوری خدمات فراہم کرنے پر اجرت عام فیس کے مقابلے میں زیادہ مقرر کرتا ہے تو یہ جائز ہے، البتہ جواز کی شرط یہ ہے کہ ارجنٹ فیس کے حوالے سے مریض کو پہلے بتانا ضروری ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
حاشية ابن عابدين: (3/ 125،ط:سعيد)
وأصل المسألة في الإجارات في قوله إن خطته اليوم فلك درهم وإن خطه غدا فلك نصف درهم اه
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی