resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: دو مرتبہ "مس بالشّهوة" ہونے کے بعد انزال ہونے کی صورت میں کیا حرمتِ مصاہرت ثابت ہوجائے گی؟ (31158-No)

سوال: حرمتِ مصاہرت ثابت ہونے کے لیے شرط ہے کہ انزال نہ ہوا ہو ، اگر کوئی مرد کسی عورت کو شہوت سے چھوئے اور انتشار ہوجائے پھر ہاتھ ہٹا لے اور شہوت ختم ہونے سے پہلے دوبارہ ہاتھ لگائے پھر انزال وجائے تو حرمتِ ثابت ہوگی؟ اور اگر مس کے دوران اپنے دوسرے ہاتھ سے عضو پکڑے اور اس سے انزال ہو تو حکم میں کوئی فرق پڑے گا؟

جواب: "مس بالشّهوة" سے حرمتِ مصاہرت کے ثبوت کے لیے انزال نہ ہونے کی جو شرط لگائی گئی ہے، اس سے کیا مراد ہے؟ انزال کا مس یا نظر کے ساتھ ہی ہونا ضروری ہے یا بعد میں انزال ہونا بھی معتبر ہوگا؟ نیز کیا بعدیت (وقفہ) کی حد بھی ہے؟
اس کی تفصیل ذکر کرتے ہوئے علامہ ظفر احمد عثمانیؒ صاحب امداد الاحکام میں ایک فتوی کے ذیل میں فرماتے ہیں:
"یہ تو معلوم ہوگیا کہ انزال مس کے بعد بھی مسقطِ حرمت ہے اور مقارنت شرط نہیں لیکن کیا اس بعدیت کی کوئی حد بھی ہے یا نہیں؟ تو قواعد سے مفہوم ہوتا ہے کہ جب تک اس شہوت کو سکون نہ ہو جو مس و نظر سے پیدا ہوئی ہے، اس مدت میں اگر انزال ہوگیا تو مسقط حرمت ہے ورنہ مسقط حرمت نہیں، کیونکہ انزال کو عاقبۃ المس جب ہی کہہ سکتے ہیں جبکہ مس کو انزال میں دخل ہو اور سکونِ شہوت کے بعد جو انزال ہوگا وہ اس مس کی عاقبت نہیں بلکہ کسی دوسرے فعل کی عاقبت ہے اور غالباً در مختار کی عبارت میں "مع مس او نظر" بلفظ معیت اسی کی طرف اشارہ کرنے کے واسطے اطلاق کیا گیا ہو ولم ارہ صریحاً۔ والله اعلم"(امداد الاحکام: 777/2، ط: مکتبه دار العلوم کراچی)
لہذا ذکر کردہ تفصیل کی روشنی میں آپ کے سوال کا جواب یہ ہے کہ پہلی مرتبہ جب "مس بالشہوۃ" سے انتشار ہوگیا تھا پھر ہاتھ ہٹانے کے بعد دوبارہ مس کرنے سے انزال ہوجائے اور پہلے والی شہوت برقرار ہو تو انزال ہوجانے سے حرمتِ مصاہرت ثابت نہ ہوگی۔
اسی طرح دوسری صورت میں مس کے دوران عضو کو پکڑنے سے انزال ہوجانے کی وجہ سے حرمت مصاہرت ثابت نہ ہوگی، بشرطیکہ مس کے وقت جو شہوت پیدا ہوئی تھی، وہ ختم نہ ہوئی ہو۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

التحرير المختار: (182/1، ط: المطبعة الكبري الأميرية)
(قول الشارح: هذا اذا لم ینزل الخ) اطلق في الانزال فشمل ما اذا لو انزل بمجرد المس او بعدہ ولو بجماع في زوجته الاخری اه عن غاية البيان

امداد الاحکام: (777/2، ط: مکتبة دار العلوم کراتشي)

واللّٰہ تعالیٰ اعلم بالصّواب
دار الافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Nikah