resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: بیوی، چار بیٹوں اور دو بیٹیوں کے درمیان تقسیمِ میراث، نیز والدہ کا کہنا ہے "کہ رخصتی کے وقت بہنوں کو جو گولڈ دیا تھا وہ ہی ان کا حصہ تھا" کا حکم (32304-No)

سوال: حضرت! میرا سوال یہ ہے کہ میرے والد محترم کا انتقال 1999 میں ہو گیا تھا، میرے والد صاحب نے اپنی وراثت میں ایک گھر جس میں ہم رہتے ہیں اور کچھ زرعی زمین چھوڑی ہے۔ معلوم یہ کرنا ہے کہ ہم چار بھائی، دو بہنیں اور والدہ ہیں، ہم آپس میں اس کو کس طرح سے شریعت کے مطابق تقسیم کریں کہ بہنوں کو بھی حصہ مل جائے اور ہم گناہگار بھی نہ ہوں؟ جبکہ ہماری والدہ کا کہنا ہے کہ رخصتی کے وقت بہنوں کو جو گولڈ دیا تھا وہ ہی ان کا حصہ تھا۔ رہنمائی فرمائیں۔ جزاک اللہ

جواب: مرحوم والد کی تجہیز و تکفین کے جائز اور متوسط اخراجات، قرض کی ادائیگی اور اگر کسی غیر وارث کے لیے جائز وصیت کی ہو تو ایک تہائی (1/3) میں وصیت نافذ کرنے کے بعد کل جائیداد منقولہ و غیر منقولہ کو کل اسی (80) حصوں میں تقسیم کیا جائے گا، جس میں سے بیوی کو دس (10)، چاروں بیٹوں میں سے ہر ایک بیٹے کو چودہ (14) اور دونوں بیٹیوں میں سے ہر ایک بیٹی کو سات (7) حصے ملیں گے۔
فیصد کے اعتبار سے بیوی کو %12.5 فیصد حصہ، چاروں بیٹوں میں سے ہر ایک بیٹے کو %17.5 فیصد حصہ اور دونوں بیٹیوں میں سے ہر ایک بیٹی کو %8.75 فیصد حصہ ملے گا۔
واضح رہے کہ والد نے شادی کے موقع پر جو سونا (Gold) بیٹیوں کو دیا ہے، وہ والد کی طرف سے اپنی بیٹیوں کے لیے تحفہ (Gift) ہے، اس کی وجہ سے بیٹیاں اپنے وراثتی حق سے محروم نہیں ہوں گی، والد کے انتقال کے بعد ان بیٹیوں کو بھی اپنے والد کی میراث میں سے حصہ ملے گا، لہذا آپ کی والدہ کا یہ کہنا کہ"رخصتی کے وقت بہنوں کو جو گولڈ دیا تھا وہ ہی ان کا حصہ تھا" معتبر نہیں ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الکریم: (النساء، الایة: 11)
يُوصِيكُمُ اللَّهُ فِي أَوْلاَدِكُمْ لِلذَّكَرِ مِثْلُ حَظِّ الأُنثَيَيْنِ ... الخ

و قوله تعالیٰ: (النساء، الایة: 12)
وَلَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ إِن لَّمْ يَكُن لَّكُمْ وَلَدٌ فَإِن كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَكْتُم مِّن بَعْدِ وَصِيَّةٍ تُوصُونَ بِهَا أَوْ دَيْنٍ ... الخ

الهندية: (327/1، ط: المطبعة الكبرى الأميرية ببولاق مصر)
" لو جهز ابنته وسلمه إليها ليس له في الاستحسان استرداد منها، وعليه الفتوى".

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Inheritance & Will Foster