resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: دوسری جگہ نکاح کرنے کے لیے تین طلاقوں کا ہونا ضروری نہیں (33434-No)

سوال: مفتی صاحب! مسئلہ یہ ہے کہ پہلے شوہر نے دو طلاقیں دی ہیں، دونوں طلاق نامے میں نے اس سوال کے ساتھ بھیجے ہیں، اس کے بعد شوہر نے رجوع نہیں کیا اور ہم نے عدت پوری ہونے کے تین سال بعد اپنی بہن کی شادی کر دی ہے، لیکن اب مسئلہ یہ ہے کہ اُن کا نکاح نامہ کمپیوٹر پر نہیں بن رہا۔ یونین کونسل والے کہہ رہے ہیں کہ پہلے پوری تین طلاقیں ہو جائیں، پھر ہم نکاح نامہ بنا کر دیں گے۔ ان کی CNIC کی تاریخ ختم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے وہ بھی نہیں بن پا رہا۔ براہ کرم ہماری رہنمائی فرما دیں کہ کیا دو طلاقیں ہونے اور اس کی عدت گزرنے کے بعد دوسری جگہ کرنا جائز نہیں تھا؟ اور کیا جب تک تین طلاقیں سابقہ شوہر سے نہ ہوجائیں دوسرا نکاح نامہ نہیں بنوایا جاسکتا؟

جواب: سوال کے ساتھ بھیجے گئے طلاق ناموں کی فوٹو کاپیوں کا جائزہ لیا گیا، اگر وہ مطابق اصل ہیں تو ان کا حاصل یہ ہے کہ پہلی طلاق مورخہ 15.01.2018 کو بھجوائی گئی، اور دوسری طلاق اس کے ایک ماہ بعد مورخہ 15.02.2018 کو بھجوائی گئی۔
ان دو طلاقوں کے بعد اگر عدّت کے اندر شوہر نے واقعتاً رجوع نہیں کیا (جیسا کہ سوال میں اس کی صراحت مذکور ہے) تو عدّت ختم ہونے پر نکاح خود بخود ختم ہو گیا تھا، ایسی صورت میں عورت کو دوسرے شخص سے نکاح کرنے کی شرعاً اجازت ہے، اس میں کوئی شرعی قباحت نہیں ہے، نیز شرعی طور پر دوسری جگہ نکاح کرنے کے لیے تین طلاقوں کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ بلا ضرورت تین طلاقیں دینا پسندیدہ عمل نہیں ہے، قرآن شریف میں اللہ تعالی کا ارشادِ گرامی ہے: ترجمہ: طلاق (زیادہ سے زیادہ) دوبار ہونی چاہیے، اس کے بعد (شوہر کے لیے دو ہی راستے ہیں) یا تو قاعدے کے مطابق (بیوی کو) روک رکھے (یعنی طلاق سے رجوع کرلے) یا خوش اسلوبی سے چھوڑ دے (یعنی رجوع کے بغیر عدّت گزرجانے دے) (البقرة: 229)
لہٰذا یہ بات کہ "جب تک تین طلاقیں مکمل نہ ہوں تب تک نیا نکاح نامہ نہیں بن سکتا" شرعاً درست نہیں، نیز عدّت گزرجانے کے بعد مذکورہ خاتون کا دوسری جگہ نکاح کرنا جائز تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الكريم: (البقرة، الآية: ٢٢٩)
﴿ الطَّلَاقُ مَرَّتَانِ فَإِمْسَاكٌ بِمَعْرُوفٍ أَوْ تَسْرِيحٌ بِإِحْسَانٍ۔۔۔۔﴾

الدر المختار: (3/ 230، ط: دار الفكر)
(وأقسامه ثلاثة: حسن، وأحسن، وبدعي يأثم به... (طلقة) رجعية (فقط في طهر لا وطء فيه) وتركها حتى تمضي عدتها (أحسن) بالنسبة إلى البعض الآخر)...

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Divorce