سوال:
ایک شخص نے اپنی اہلیہ کو لڑائی جھگڑے کے دوران حالتِ غضب میں یہ الفاظ کہے: "میں نے تجھے جدا کیا"۔ شرعاً یہ الفاظ ادا کرنے سے کیا طلاق واقع ہو جاتی ہے؟ اور اگر طلاق واقع ہو جاتی ہے تو وہ کتنی شمار ہوں گی اور اس کی نوعیت کیا قرار پائے گی؟
جواب: سوال میں مذکورہ الفاظ "میں نے تجھے جدا کیا" سے طلاق واقع ہونے کے لیے طلاق کی نیت کا ہونا ضروری ہے، لہٰذا مذکورہ شخص نے اگر اپنی بیوی کو یہ الفاظ طلاق کی نیت سے کہے ہیں تو ان سے ایک طلاقِ بائن واقع ہوگئی ہے، جس کا حکم یہ ہے کہ اگر میاں بیوی دونوں باہمی رضامندی سے دوبارہ نکاح کرنا چاہیں تو عدت کے اندر یا بعد از عدت گواہوں کی موجودگی میں نئے مہر کے ساتھ دوبارہ نکاح کرسکتے ہیں، لیکن دوبارہ نکاح کی صورت میں آئندہ کے لیے شوہر کے پاس صرف دو طلاقوں کا اختیار ہوگا، اس لیے طلاق کے معاملہ میں بہت احتیاط کی ضرورت ہوگی۔
البتہ اگر اس شخص نے یہ الفاظ طلاق کی نیت سے نہیں کہے ہیں تو اس صورت میں اس سے کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی ہے، تاہم آئندہ کے لیے اس کو اپنی بیوی سے اس طرح کے الفاظ کہنے سے مکمل گریز کرنا چاہیے، تاکہ کسی قسم کے شک و شبہ یا نکاح جیسے مقدّس رشتے میں دراڑ پیدا نہ ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الدلائل:
بدائع الصنائع: (106/3، ط: دار الكتب العلمية)
إن الكنايات أقسام ثلاثة: في قسم منها لا يدين في الحالين جميعا؛ لأنه ما أراد به الطلاق لا في حالة مذاكرة الطلاق وسؤاله ولا في حالة الغضب والخصومة، وفي قسم منها يدين في حال الخصومة والغضب ولا يدين في حال ذكر الطلاق وسؤاله، وفي قسم منها يدين في الحالين جميعا (أما) القسم الأول فخمسة ألفاظ: " أمرك بيدك " " اختاري " " اعتدي " " استبرئي رحمك " " أنت واحدة "؛ لأن هذه الألفاظ تحتمل الطلاق وغيره والحال يدل على إرادة الطلاق؛ لأن حال الغضب والخصومة إن كانت تصلح للشتم والتبعيد كما تصلح للطلاق فحال مذاكرة الطلاق تصلح للتبعيد والطلاق، لكن هذه الألفاظ لا تصلح للشتم ولا للتبعيد فزال احتمال إرادة الشتم والتبعيد فتعينت الحالة دلالة على إرادة الطلاق فترجح جانب الطلاق بدلالة الحال فثبتت إرادة الطلاق في كلامه ظاهرا فلا يصدق في الصرف عن الظاهر كما في صريح الطلاق إذا قال لامرأته: أنت طالق ثم قال: أردت به الطلاق عن الوثاق لا يصدق في القضاء لما قلنا كذا هذا.
کذا فی فتاویٰ بنوری ٹاؤن کراچی: (رقم الفتویٰ: 144401101403)
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی