resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: شوہر، بیٹی، والد، والدہ، ساس اور سسر کے درمیان تقسیمِ میراث

(33500-No)

سوال: السلام علیکم، مفتی صاحب! ہمارے ایک دوست کی بیوی پہلی ڈیلیوری کیس میں وفات پاگئی، بچی پیدا ہوئی اور زندہ ہے، ہمارے دوست نے پانچ تولے سونے کے زیورات نکاح کے وقت ہی بطور مہر دیے تھے، مرحومہ کے والدین اور تین بھائی حیات ہیں اور دوست کے والدین بھی حیات ہیں۔
(1) معلوم یہ کرنا ہے کہ مرحومہ کے ورثاء کون ہیں؟ (2) جہیز کے سامان اور پانچ تولے زیورات کی تقسیم کس طرح ہوگی؟

جواب: 1) پوچھی گئی صورت میں مرحومہ کے ورثاء والد، والدہ، بیٹی اور شوہر ہیں اور مرحومہ کی تمام میراث انہی چار ورثاء کے درمیان شرعی تناسب سے تقسیم ہوگی، جبکہ مرحومہ کی ساس اور سسر مرحومہ کے شرعی وارث نہیں ہیں۔
2) مرحومہ کی قرض کی ادائیگی اور اگر کسی غیر وارث کے لیے جائز وصیت کی ہو تو ایک تہائی (1/3) میں وصیت نافذ کرنے کے بعد مرحومہ کی کل میراث (پانچ تولے سونا، جہیز کا سامان، پیسے اور جو کچھ مرحومہ کی ملکیت میں تھا) کو تیرہ (13) حصوں میں تقسیم کیا جائے گا، جس میں سے شوہر کو تین (3)، بیٹی کو چھ (6)، مرحومہ کے والد کو دو (2) اور والدہ کو دو (2) حصے ملیں گے۔
فیصد کے اعتبار سے تقسیم کریں تو شوہر کو ٪23.07 فیصد، بیٹی کو ٪46.15 فیصد، والد کو ٪15.38 فیصد اور والدہ کو ٪15.38 فیصد حصہ ملے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الکریم: (النساء، الایة: 11)
فَإِن كُنَّ نِسَاء فَوْقَ اثْنَتَيْنِ فَلَهُنَّ ثُلُثَا مَا تَرَكَ وَإِن كَانَتْ وَاحِدَةً فَلَهَا النِّصْفُ وَ لِاَبَوَیْهِ لِكُلِّ وَاحِدٍ مِّنْهُمَا السُّدُسُ مِمَّا تَرَكَ اِنْ كَانَ لَهٗ وَلَدٌۚ...الخ

القرآن الکریم: (النساء، الایة: 12)
وَلَكُمْ نِصْفُ مَا تَرَكَ أَزْوَاجُكُمْ إِن لَّمْ يَكُن لَّهُنَّ وَلَدٌ فَإِن كَانَ لَهُنَّ وَلَدٌ فَلَكُمُ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْنَ مِن بَعْدِ وَصِيَّةٍ يُوصِينَ بِهَا أَوْ دَيْنٍ ... الخ

الھندیة: (الباب الثانی فی ذوی الفروض، 447/6، ط: دار الفکر)
و يستحق الإرث بإحدى خصال ثلاث: بالنسب و هو القرابة، و السبب وهو الزوجية، والولاء

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Inheritance & Will Foster