سوال:
السلام علیکم، مفتی صاحب ! میری بھتیجی کو گزشتہ ایک ماہ سے سخت بخار، خسرہ اور نمونیہ ہے، سنا ہے کہ قرآن کی کچھ سورتیں بخار کے مریض کے لیے نہایت مفید ہیں، براہ کرم ان سورتوں کے بارے میں رہنمائی فرمائیں؟
جواب: جس شخص کو بخار ہو، وہ کثرت سے یہ دعا پڑھے، ان شاءاللہ بخار اتر جائے گا۔
بِسْمِ اللّٰہِ الْکَبِیْرِ اَعُوْذُ بِِااللّٰہِ الْعَظِیْمِ مِنْ شَرِّ کُلِّ عِرْقٍ نَّعَّارٍ وَّ مِنْ شَرِّ حَرِّ النَّارِ ۔
ترجمہ:
اللہ کے نام سے جو بڑائی والا ہے۔ میں عظمت والے اللہ کی پناہ مانگتا ہوں، جوش مارتی ہوئی رگ سے اور آگ کی گرمی سے۔
اگر مریض خود نہ پڑھ سکے، تو کوئی دوسرا آدمی پڑھ کر دم کر دے یا پانی پر دم کرکے پلادے، اگر ایک دفعہ میں بخار نہ اترے، تو بار بار یہ عمل کریں۔
نیز بیمار شخص کو سات دفعہ سورۃ فاتحہ پڑھ کر دم کرنا بھی مفید ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
مشکوٰۃ المصابیح: (باب عیادة المریض، 135/1)
ان النبی صلی اللہ علیہ وسلم کان یعلمھم من الحمی ومن الاوجاع کلھا ان یقولوا "بسم اللّٰہ الکبیر اعوذ باللہ العظیم من شر کل عرق نعار ومن شر حر النار" رواہ الترمذی۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی