سوال:
مفتی صاحب! کیا میوزک اور خواتین والی ویڈیوز یا تصاویر کو لائک یا شیئر کرنا جائز ہے، اگر ان میں کوئی اچھی یا خیر کی بات موجود ہو؟
جواب: اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں مومنین کو نظریں نیچی رکھنے کا حکم دیا ہے، ارشاد باری تعالیٰ ہے:
ترجمہ: "مومن مردوں سے کہہ دو کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں، اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں۔ یہی ان کے لیے پاکیزہ ترین طریقہ ہے۔ وہ جو کاروائیاں کرتے ہیں الله ان سب سے پوری طرح باخبر ہے"۔ (النور: 30)
آیت کریمہ کی تفسیر میں علماء نے لکھا ہے کہ نامحرم خواتین کو دیکھنا ناجائز ہے، اسی طرح قرآن و حدیث میں موسیقی سننے سے بھی منع کیا ہے، یہ دونوں عمل جس طرح ویڈیو کے بغیر ناجائز ہیں، اسی طرح ویڈیو میں بھی ناجائز ہیں، اس لیے عورت کی تصویر اور موسیقی پر مشتمل ویڈیوز بنانا شئیر کرنا اور دیکھنا جائز نہیں ہے، اس سے بچنا ضروری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
*القرآن الکریم: (سورۃ النور، رقم الآیة: 30)*
قُل لِّلْمُؤْمِنِينَ يَغُضُّوا مِنْ أَبْصَارِهِمْ وَيَحْفَظُوا فُرُوجَهُمْ ۚ ذَٰلِكَ أَزْكَىٰ لَهُمْ ۗ إِنَّ اللَّهَ خَبِيرٌ بِمَا يَصْنَعُونَ O
*القرآن الکریم: (سورۃ لقمان، رقم الآیۃ: 6)*
وَمِنَ النَّاسِ مَنْ يَّشْتَرِي لَهْوَ الْحَدِيثِ لِيُضِلَّ عَنْ سَبِيلِ اللهِ بِغَيْرِ عِلْمٍ وَيَتَّخِذَهَا هُزُوًا أُولَئِكَ لَهُمْ عَذَابٌ مُهِينٌ O
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی