resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: مسلسل خون آنے کی صورت میں شوہر سے ہم بستری کا حکم

(69434-No)

سوال: السلام علیکم! میری عمر 50 سال ہے اور میں پیری مینوپاز (Perimenopause) کے دور سے گزر رہی ہوں۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں مشکل سے مہینے میں دو یا تین دن پاک رہتی ہوں، جبکہ مجھے مسلسل بلیڈنگ کی شکایت رہتی ہے، بلیڈنگ اس قدر کم ہوتی ہے کہ میرے اندرونی کپڑے بھی خراب نہیں ہوتے، صرف اندام نہانی (Vagina) میں ٹشو رکھنے سے وہ ہلکا سا سرخ ہوجاتا ہے۔
میں شرعی حساب سے اپنی نماز اور روزے کا اہتمام کرتی ہوں، لیکن میرا مسئلہ یہ ہے کہ میرے شوہر بیرونِ ملک رہتے ہیں اور تقریباً دو سے ڈھائی ماہ بعد پاکستان آتے ہیں اور 10 سے 12 دن قیام کرتے ہیں۔ گزشتہ مرتبہ جب وہ پاکستان آئے تو اس مسئلے کی وجہ سے ہمارے درمیان ازدواجی تعلق قائم نہیں ہوسکا، جبکہ اس مرتبہ بھی یہی مسئلہ مسلسل جاری ہے۔
اس سلسلے میں آپ سے رہنمائی درکار ہے کہ اگر دوائی استعمال کرنے کے باوجود بھی مسلسل بلیڈنگ جاری رہے تو ایسی صورت میں میرے لیے شوہر کے ساتھ ہم بستری کرنے کا کیا شرعی حکم ہے؟

جواب: واضح رہے کہ حیض کی زیادہ سے زیادہ مدت دس دن اور طُہر یعنی دو حیضوں کے درمیان پاکی کی کم سے کم مدت پندرہ دن ہے، دس دن سے زیادہ خون جاری رہنے کی صورت میں سابقہ خون کی عادت کے مطابق حیض کے دن متعین کیے جاتے ہیں، اور باقی دنوں کا خون استحاضہ شمار ہوتا ہے۔
لہٰذا پوچھی گئی صورت میں چونکہ خون مسلسل دس دن سے زیادہ جاری رہتا ہے، اس لیے آپ کی سابقہ عادت کے مطابق جتنے دن حیض کے تھے، ان میں شوہر سے ہم بستری جائز نہیں ہوگی، البتہ باقی دنوں میں استحاضہ ہونے کی وجہ سے خون جاری رہنے کے باوجود شوہر سے ہم بستری جائز ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

‏سنن أبي داود: (1/ 200، رقم الحديث: 280، ط: دار الرسالة العالمية)
‏حدثنا عيسى بن حماد، أخبرنا الليث، عن يزيد بن أبي حبيب، عن بكير بن عبد الله، عن المنذر بن المغيرة، عن عروة بن الزبير: أن فاطمة بنت أبي حبيش حدثته: أنها سألت رسول الله صلى الله عليه وسلم فشكت إليه الدم، فقال لها رسول الله صلى الله عليه وسلم: «إنما ذلك عرق، فانظري إذا أتى قرؤك فلا تصلي، فإذا مر قرؤك فتطهري، ثم صلي ما بين القرء إلى القرء».

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Women's Issues