resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: فون کال پر عیادت کرنے کا حکم

(45192-No)

سوال: "اگر ہم کسی بیمار پڑوسی کی عیادت کے لیے خود جانے کے بجائے فون کر کے اس کی خیریت دریافت کریں تو کیا اسلام میں عیادت کی سنت یا حق ادا ہو جاتا ہے؟ نیز کیا عیادت کے لیے مختصر وقت، مثلاً 10 سے 15 منٹ، کے لیے جانا مناسب ہے؟"

جواب: واضح رہے کہ عیادت کا جو طریقہ حدیث مبارکہ سے ثابت ہے، وہ یہ ہے کہ نبی کریم ﷺ خود مریض کی عیادت کے لیے تشریف لے جاتے، اس کے جسم پر اپنا دایاں ہاتھ پھیرتے، اس کے لیے دعا فرماتے اور اسے تسلّی دیتے تھے۔ اس سے معلوم ہوا کہ عیادت کا مستحب طریقہ یہ ہے کہ مریض کے پاس جا کر اس کی مزاج پرسی کی جائے، البتہ اگر کسی عذر یا مصلحت کی بنا پر عیادت کے لیے جانا ممکن نہ ہو، مثلاً: دوری یا دیگر مجبوریوں کی وجہ سے اس کے پاس جانا دشوار ہو یا مریض کی راحت اسی میں ہو کہ اس سے ملاقات نہ کی جائے تو فون کے ذریعے اس کی خیریت دریافت کرنے سے امید ہے کہ ان شاء اللہ! عیادت کی فضیلت حاصل ہو جائے گی۔
نیز عیادت کے لیے شریعت نے وقت کی کوئی حد مقرر نہیں کی، بلکہ عیادت کرنے والے کو مریض کی راحت اور طبیعت کا خیال رکھنا چاہیے، لہٰذا جتنی دیر بیٹھنے سے مریض کو خوشی اور راحت محسوس ہو، اتنی دیر تک بیٹھا جا سکتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

صحیح مسلم: (باب استحباب رقية المريض، رقم الحدیث: 2191)
حَدَّثَنَا زُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ ، وَإِسْحَاقُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، قَالَ إِسْحَاقُ : أَخْبَرَنَا، وَقَالَ زُهَيْرٌ - وَاللَّفْظُ لَهُ - : حَدَّثَنَا جَرِيرٌ ، عَنِ الْأَعْمَشِ ، عَنْ أَبِي الضُّحَى ، عَنْ مَسْرُوقٍ ، عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ : كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا اشْتَكَى مِنَّا إِنْسَانٌ مَسَحَهُ بِيَمِينِهِ، ثُمَّ قَالَ : " أَذْهِبِ الْبَاسَ رَبَّ النَّاسِ، وَاشْفِ أَنْتَ الشَّافِي، لَا شِفَاءَ إِلَّا شِفَاؤُكَ، شِفَاءً لَا يُغَادِرُ سَقَمًا ".

شرح النووي على مسلم: (180/14، ط: دار احیاء التراث العربی)
كان رسول الله صلى الله عليه وسلم إذا اشتكى منا إنسان مسحه بيمينه ثم قال أذهب الباس إلى آخره) فيه استحباب مسح المريض باليمين والدعاء له وقد جاءت فيه روايات كثيرة صحيحة

واللہ تعالیٰ اعلم باالصواب
دار الافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Characters & Morals