سوال:
میرے شوہر بیرونِ ملک ہیں اور میں پاکستان میں اپنے دو بچوں کے ساتھ رہتی ہوں۔ میں گزشتہ دو سال سے اپنے سسرال والوں کے ساتھ رہ رہی تھی، لیکن چند ماہ پہلے میرے والد کو کینسر کی تشخیص ہوئی۔ جب سے ان کی بیماری کا پتا چلا ہے، میں ان کے پاس رہ رہی ہوں اور ہفتے کے آخر میں سسرال چلی جاتی ہوں۔
لیکن میرے سسر مجھے بہت تنگ کرتے ہیں۔ وہ مجھے ایک سے دو گھنٹے تک بٹھا کر لیکچر دیتے رہتے ہیں کہ میرا اپنے والد کے گھر رہنا درست نہیں ہے، بلکہ میرا اصل گھر یہی (سسرال) ہے، حالانکہ میرے شوہر مجھے کچھ نہیں کہتے، لیکن میرے سسر مجھے بہت پریشان کرتے ہیں، آپ بتائیں کہ میں کیا کروں؟
جواب: واضح رہے کہ شادی کے بعد بیوی کو اپنے شوہر کے گھر میں ہی رہنا چاہیے، البتہ شوہر کی اجازت سے اپنے گھر والوں اور رشتے داروں سے ملنے جانا اور والد کی تیمار داری اور دیکھ بھال کے لیے شوہر کی اجازت سے میکے میں رہنا جائز ہے، اس میں کوئی حرج نہیں۔
لہٰذا پوچھی گئی صورت میں جب آپ کے شوہر آپ کے میکے میں رہنے پر راضی ہیں تو آپ کے لیے اپنے بیمار والد کی دیکھ بھال کی خاطر وہاں رہنا جائز ہے، البتہ آپ کو چاہیے کہ سسر کے ساتھ ادب و احترام کا معاملہ رکھیں، اور ان کی باتوں پر صبر کریں، اور ان سے متعلق آپ پر جو حقوق ہیں، ان کو ادا کرنے کی کوشش کرتی رہیں، تاکہ والد کی خدمت کے ساتھ اپنے شوہر کے گھریلو تعلقات بھی خوش اسلوبی سے برقرار رہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
*القرآن الكريم: (البقرة، الآية: ٢٢٨)*
﴿وَلَهُنَّ مِثْلُ الَّذِي عَلَيْهِنَّ بِالْمَعْرُوفِ۔۔۔﴾
*الترغيب والترهيب: (3/ 38، ط: دار الكتب العلمية)*
وروي عن ابن عباس رضي الله عنهما أن امرأة من خثعم أتت رسول الله صلى الله عليه وسلم فقالت: يا رسول الله، أخبرني ما حق الزوج على الزوجة، فإني امرأة أيم، فإن استطعت وإلا جلست أيما. قال: فإن حق الزوج على زوجته إن سألها نفسها وهي على ظهر قتب أن لا تمنعه نفسها، ومن حق الزوج على الزوجة أن لا تصوم تطوعا إلا بإذنه، فإن فعلت جاعت وعطشت ولا يقبل منها، ولا تخرج من بيتها إلا بإذنه، فإن فعلت لعنتها ملائكة السماء وملائكة الرحمة وملائكة العذاب حتى ترجع.
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی