سوال:
محترم مفتیانِ کرام! السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ،صورتِ مسئلہ یہ ہے کہ میری والدہ محترمہ کی دو شادیاں ہوئی ہیں اور میں ان کے پہلے شوہر کی بیٹی ہوں، جب میری والدہ محترمہ کی میرے حقیقی والد صاحب سے شادی ہوئی تھی، اس وقت میرے حقیقی والد صاحب کے گھر والوں نے یہ بات پوشیدہ رکھی تھی کہ میرے والد صاحب ذہنی مریض ہیں۔ شادی کے کچھ عرصے بعد میری والدہ کو ان کی ذہنی بیماری اور ان کے ساتھ پیش آنے والی بعض تکالیف کا علم ہوا، جب یہ بات میرے نانا اور دیگر گھر والوں تک پہنچی تو بالآخر میری والدہ اور والد صاحب کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔
میری پرورش میری نانی، خالہ اور ماموں کی نگرانی میں ہوئی، میرے دوسرے والد صاحب بھی میری پرورش اور دیکھ بھال میں تعاون کرتے تھے اور میرا بہت خیال رکھا کرتے تھے، مجھے کچھ سال پہلے ہی اس بات کا علم ہوا کہ وہ میرے حقیقی والد محترم نہیں ہیں۔ ان تمام حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مجھے یہ پوچھنا ہے کہ میرے حقیقی والد صاحب کے مجھ پر کچھ فرائض ہیں؟ کیا میرے اوپر ان کی کسی بھی طرح کی کوئی ذمہ داری ہے؟ کیا ان کے حقوق ادا کرنا میرے لیے ضروری ہے؟
میں نے آج تک ان سے رابطہ نہیں کیا، کیونکہ انہوں نے بھی کبھی مجھ سے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی میرے علم میں کبھی ان کی جانب سے کوئی کوشش کی گئی۔ مجھے بھی حال ہی میں اس بات کا علم ہوا ہے۔ کچھ معلومات حاصل کرنے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ میرے حقیقی والد صاحب کی شادی ہوچکی ہے، لیکن ان سے کوئی اولاد نہیں ہے۔ میں یہ بھی عرض کرنا چاہوں گی کہ میرا گمان ہے کہ میری والدہ کو یہ بات پسند نہیں آئے گی کہ میں اپنے حقیقی والد صاحب سے رابطہ کرنے کی کوشش کروں۔ میرے دوسرے والد صاحب کے انتقال کو بھی بیس سال گزر چکے ہیں۔
ان تمام حالات میں میری رہنمائی فرمائیں کہ کیا اس معاملے میں قیامت کے دن مجھ سے کسی طرح کی پکڑ ہوسکتی ہے؟ کیا میرے ذمہ ان کے کوئی حقوق ادا کرنا فرض، واجب یا مستحب ہے؟
جواب: پوچھی گئی صورت میں آپ کا اپنے والد سے ملنا، ان کا آپ پر حق ہے، خصوصاً جبکہ آپ کے والد صاحب ذہنی مریض بھی ہیں، اس حق کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ نے اپنی عبادت کے حکم کے ساتھ ہی والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کا حکم بھی دیا ہے، لہٰذا اسی اہمیت کے پیشِ نظر ایسی صورتِ حال میں اس حق کی ادائیگی کا خصوصی اہتمام ہونا چاہیے۔
نیز اس حوالے سے اپنی والدہ محترمہ کو بھی حکمت اور بصیرت کے ساتھ اعتماد میں لیا جائے اور انہیں بتایا جائے کہ یہ شرعی حکم ہے، اس پر عمل نہ کرنا اللہ تعالیٰ کی سخت ناراضگی کا سبب بن سکتا ہے۔
امید ہے کہ ان شاء اللہ اس انداز سے سمجھانے کے ذریعے والدہ محترمہ بھی آپ کے لیے اس حق کی ادائیگی میں رکاوٹ نہیں بنیں گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
*الدلائل:*
*القرآن الكريم: (الاسراء، الآية: 23)*
وَ قَضٰی رَبُّکَ اَلَّا تَعۡبُدُوۡۤا اِلَّاۤ اِیَّاہُ وَ بِالۡوَالِدَیۡنِ اِحۡسَانًا ؕ اِمَّا یَبۡلُغَنَّ عِنۡدَکَ الۡکِبَرَ اَحَدُہُمَاۤ اَوۡ کِلٰہُمَا فَلَا تَقُلۡ لَّہُمَاۤ اُفٍّ وَّ لَا تَنۡہَرۡہُمَا وَ قُلۡ لَّہُمَا قَوۡلًا کَرِیۡمًا.
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی