سوال:
السلام علیکم، امریکہ کی اسلام دشمنی اب کسی سے مخفی نہیں رہی اور عرصے سے امریکہ مسلمانوں کے ساتھ کھلم کھلا جنگ میں اترا ہوا ہے۔ اسی طرح امریکہ کے نظا،م کا کفری نظام ہونا کسی سے پوشیدہ نہیں تو کیا ایسی صورت میں کسی مسلمان کا امریکی سینیٹر بننا جائز ہے؟ اس کا کیا حکم بنتا ہے؟ کیا یہ حرام ہے یا کفر ہے؟
جواب: واضح رہے کہ غیر اسلامی ممالک کے سیاسی نظام میں مسلمانوں کی شرکت بذاتِ خود ناجائز نہیں، بشرطیکہ اس میں اسلامی عقائد، ضروریاتِ دین، شرعی احکام اور دینی تشخص کے خلاف کسی امر کا ارتکاب لازم نہ آئے۔
لہٰذا پوچھی گئی صورت میں امریکی سینیٹر بننے کا شرعی حکم اس بات پر موقوف ہے کہ وہاں کے حالات و قانون کے مطابق اس منصب پر فائز ہونے کے لیے کن امور کو تسلیم کرنا، کن دستاویزات پر دستخط کرنا اور کن ذمہ داریوں کو انجام دینا ضروری ہے؟ اگر اس کے لیے شرعاً ناجائز امور کو تسلیم کرنا یا ان کی تائید کرنا پڑتا ہو تو ایسا کرنا جائز نہیں، البتہ اگر کسی ناجائز امر کا ارتکاب لازم نہ آئے تو مسلمانوں کے حقوق کے تحفّظ، خلافِ شرع قوانین کی مخالفت اور نظام میں بتدریج اصلاح و بہتری لانے کی نیت سے اس میں شرکت کی گنجائش معلوم ہوتی ہے، اس اعتبار سے محض امریکی سینیٹر بننے کو موجبِ کفر یا موجبِ فسق سمجھنا درست نہیں ہے، بلکہ اس میں وہی تفصیل ہوگی جو اوپر گزری۔
تاہم واضح رہے کہ اوپر ذکر کردہ جواب اصولی ہے، اس معاملے میں بہتر یہ ہے کہ مستند مقامی علمائے کرام سے رجوع کرلیا جائے جو امریکی نظام، قوانین اور وہاں کے حالات و ماحول سے بخوبی واقف ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
قرارات مجمع الفقه الإسلامي الدولي: (القرار رقم: 155 (4/17)، البند الثاني، الدورة السابعة عشرة، عمّان، المملكة الأردنية الهاشمية، 1427ه 2006م)
قرار مجمع الفقه الإسلامي الدولي بشأن التوفيق بين التقيد بالثوابت وبين مقتضيات المواطنة للمسلمين خارج الدول الإسلامية:
«ليس هناك مانع شرعي من إسهام المسلمين في غير الدول الإسلامية في الأنشطة الاجتماعية، أو السياسية، أو الاقتصادية التي لا تتعارض مع الثوابت المتقدمة ولا سيما إذا اقتضت المواطنة ذلك، شريطة ألا تهدد هويتهم وشخصيتهم الإسلامية».
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی