عنوان: کیا جمعہ کے دن عصر کے بعد پڑھا جانے والا درود شریف دوکان وغیرہ میں بیٹھ کر پڑھ سکتے ہیں؟(5256-No)

سوال: حضرت! جمعہ کے دن عصر کے بعد اس جگہ سے ہٹے بغیر جو درود شریف پڑھنا ہوتا ہو، اگر کوئی نماز کے بعد اسی جگہ بیٹھ کر نہ پڑھے، بلکہ نماز پڑھ کر وہاں سے چلا جائے، اور دکان یا گھر میں جاکر پڑھ لے، تو کیا اس درود شریف کی فضیلت حاصل ہو جائے گی؟

جواب: واضح رہے کہ احادیث مبارکہ میں جمعہ کے دن درود شریف پڑھنے کی ترغیب آئی ہے٬ اس لئے عصر کے وقت یا کسی بھی وقت٬ اٹھتے بیٹھتے٬ چلتے پھرتے درود شریف پڑھا جاسکتا ہے.
جہاں تک جمعہ کے دن عصر نماز کے بعد 80 مرتبہ مخصوص الفاظ کے ساتھ درود شریف پڑھنے کا تعلق ہے٬ تو اس کی فضیلت بعض ضعیف روایات سے ثابت ہے، اور جو ضعیف حدیث اپنے شرائط کے مطابق ہو٬ اس پر عمل کیا جاسکتا ہے٬ لیکن یہ کوئی فرض یا واجب نہیں ہے٬ اس لئے اسے فرض یا واجب کے درجے کا ضروری سمجھنا٬ یا نہ پڑھنے والوں پر نکیر کرنا درست نہیں.
نیز بہتر یہ ہے کہ فرض نماز پڑھنے کے بعد اسی جگہ بیٹھ کر یہ درود شریف پڑھنا چاہیے٬ کیونکہ روایت میں "قبل ان یقوم من مکانہ"یعنی "اپنی جگہ سے اٹھنے سے پہلے" کے الفاظ آئے ہیں٬ البتہ ایک روایت میں اس کی قید نہیں ہے٬ اس لئے اگر کسی وجہ سے اسی جگہ نہ پڑھ سکیں٬ تو اسے چھوڑنے سے بہتر ہے کہ دوکان وغیرہ میں یہ درود شریف پڑھ لیا جائے٬ امید ہے کہ اس طرح پڑھنے سے بھی ان شاء اللہ اس کی فضیلت حاصل ہوجائے گی.

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

سنن النسائي: (رقم الحدیث: 1374)
"خير الأيام يوم الجمعة، فأكثروا علي من الصلاة فيه، فإن صلاتكم معروضة علي...."

القول البدیع: (ص: 399، ط: دار الیسر، بحواله فضائل اعمال)
’’من صلّٰی صلاةَ العصر من یوم الجمعة فقال قبل أن یقوم من مکانه : أللّٰهم صل علٰی محمد النبي الأمي وعلٰی أٰله وسلم تسلیمًا ثمانین مرةً، غفرت له ذنوبُ ثمانین عامًا، وکتبت له عبادة ثمانین سنةً.‘‘

القربة إلی رب العالمین بالصلاۃ علی محمد سید المرسلین: (ص: 114)
’’قال شیخنا أبو القاسم : وروینا عن سهل بن عبداللّٰه قال: من قال في یوم الجمعة بعد العصر :’’ أللّٰهم صل علٰی محمد النبي الأمي وعلی أٰله وسلم‘‘ ثمانین مرةً ، غفرت له ذنوبُ ثمانین عاماً‘‘

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 668 Sep 26, 2020
kia jummay kay din asar kay baad parha janay wala durood shareef dukaan wagaira mai beth kar parh sakty hain?, Can anyone recite the Durood Sharif recited after Asar on Friday sitting in a shop etc.?

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Azkaar & Supplications

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.