عنوان: قصیدہ بردہ شریف(629-No)

سوال: حضرت ! یہ قصیدہ بردہ شریف کیا ہے؟

جواب: قصیدہ بردہ شریف : جو مصر کے معروف صوفی شاعرشرف الدین ابو عبد اللہ محمد بن سعید بن حماد بن محسن بن عبد اللہ البصویری نے تحریر فرمایا۔
آپ کی تحریر کردہ شاعری پوری اسلامی دنیا میں نہایت معروف ہے۔
وجہ تسمیہ:
اس قصیدے کا پورا نام " قصیدۃ الکواکب الدریہ فی مدح خیر البریہ" ہے، لیکن اس کو قصیدہ بردہ کہا جاتا ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ علامہ بوصیری پر فالج کا حملہ ہوا، جسم کا نصف حصہ بےحس ہو گیا، اس مصیبت کے عالم میں دل میں خیال آیا کہ ایک قصیدہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی مدح میں لکھوں اور اس کے ذریعے سے اپنے لیے شفا طلب کرو، چنانچہ ایسی حالت میں قصیدہ لکھا اور رات کو سوئے تو خواب میں سیّدالکونین صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت سے مشرف ہوئے، اسی عالم رویاء میں ایک قصیدہ حضور کے سامنے پڑا، اس قصیدے کے اختتام کے بعد دیکھا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی چادر علامہ بوصیری رحمہ اللہ پر ڈالی اور اپنے دست انور کو ان کے اعضاء پر پھیرا، جب آنکھ کھلی تو علامہ بوصیری نے اپنے آپ کو بالکل صحت یاب پایا۔
بردہ چادر کو کہا جاتا ہے، کیونکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ان پر چادر ڈالی تھی تو اسی وجہ سے اس قصیدے کو قصیدہ بردہ کہا جاتا ہے۔
ایک اور وجہ تسمیہ یہ بھی ہوسکتی ہےکہ لغت میں بردہ مختلف دھاری دار کپڑے کو کہتے ہیں، کیونکہ اس قصیدے میں علامہ بوصیری نے مختلف مضامین کی آرائش کی ہے، کہیں باد صبا سے خطاب، کہیں اظہار شوق وذوق، کہیں غم ہجر کی داستاں، کہیں تنہائی کا شکوہ، کہیں نفس امارہ پر عتاب، کہیں مدعی اور مدعا علیہ کے سوالات و جوابات، کہیں عذرخواہی تو کہیں نفس کے مکروفریب سے ڈرانا، کہیں عوام و قارئین کو وعظ سنانا، کہیں دربار رسالت میں استغاثہ، کہیں سرکار دو عالم کی خدمت میں شفاعت طلب کرنا، کہیں حضور کی ذات کے کمالات، کہیں اظہار معجزات تو کہیں فضیلت صحابہ، گویا یہ مختلف مضامین کا مجموعہ ہے، اسی وجہ سے اس کا نام قصیدہ بردہ رکھا گیا۔
(تحفة الورده شرح قصيدة برده ،ص ، 4، ط ،مکتبہ حمادیہ کراچی )
اب تک اس کلام کی نوے (90) سے زائد شروحات تحریر کی جاچکی ہیں اور اس کے تراجم فارسی، اردو، ترکی، بربر، پنجابی، انگریزی، فرانسیسی، جرمن، سندھی و دیگر بہت سے زبانوں میں کیے جا چکے ہیں۔
 (شرح قصیدہ بردہ پروفیسر حمید اللہ شاہ ہاشمی،مکتبہ دانیال لاہور)

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 1896 Jan 16, 2019
Qaseedah/qaseeda burdah/burda shareef, Qaseedah/qaseeda burdah/burda shareef

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Miscellaneous

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.