سوال:
مفتی صاحب! ہم نے اللہ تعالیٰ کی رضا اور نبی کریم ﷺ سے محبت کے جذبے کے تحت مدارس و مساجد کے طلبہ و طالبات اور نوجوانوں میں درود شریف پڑھنے کی ترغیب دینے کے لیے ایک مہم شروع کی ہے، جس کا مقصد درود شریف کی عادت کو فروغ دینے کے ساتھ بچوں اور نوجوانوں کو نشے، موبائل فون کے غیر ضروری استعمال، بدزبانی، جھوٹ، غیبت اور دیگر اخلاقی برائیوں سے بچنے کی ترغیب دینا بھی ہے۔
اس مقصد کے لیے ہم کاؤنٹر یا دانوں والی تسبیح مفت یا رعایتی قیمت پر فراہم کرتے ہیں، معلمین سے رضاکارانہ طور پر طلبہ کے پڑھے ہوئے درود شریف کی تعداد کا ریکارڈ رکھنے اور رپورٹ دینے کی درخواست کرتے ہیں، نیز انفرادی اور اجتماعی تعداد جمع کرکے مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہیں۔ اس سلسلے میں کسی پر شرکت، مخصوص تعداد پڑھنے یا رپورٹ دینے کی پابندی نہیں ہوتی اور نہ ہی کسی قسم کا مالی معاوضہ یا انعام لازمی ہے۔ ہم تعداد کو عبادت کی قبولیت یا اخلاص کا معیار بھی نہیں سمجھتے۔
دریافت طلب امور یہ ہیں کہ:
1) کیا اس طرح منظم انداز میں درود شریف کی ترغیب دینا اور اسے دینی و اخلاقی اصلاح کا ذریعہ بنانا شرعاً جائز ہے؟
2) درود شریف کی سہولت کے لیے کاؤنٹر یا تسبیح فراہم کرنا، طلبہ کی تعداد کا ریکارڈ رکھنا اور انفرادی و اجتماعی تعداد جمع کرکے رپورٹ تیار کرنا جائز ہے؟
3) کیا اس مہم کے طریقۂ کار میں کوئی شرعی قباحت یا بدعت کا پہلو پایا جاتا ہے؟ اگر کسی جزوی طریقۂ کار میں شرعاً خرابی ہو تو اس کا جائز متبادل کیا ہے؟
جواب: ۱ تا ۳) واضح رہے کہ درود شریف کی فضیلت بیان کرنا اور اس کی ترغیب کے لیے کوئی منظم طریقہ اختیار کرنا اور اس کی تعداد اور گنتی کو شمار کرنا بذات خود جائز ہے، بشرطیکہ اسے لازم یا سنت نہ سمجھا جائے، اس کے ساتھ ساتھ اصل توجہ اس طرف ہونی چاہیے کہ رسول اللہ ﷺ کی سنتوں کو عام کیا جائے، اس کی ترغیب چلائی جائے، اور اس وقت مسلمان بحیثیتِ مجموعی جن اخلاقی بیماریوں کا شکار ہیں، ان کی اصلاح پر زیادہ توجہ اور انہماک کے ساتھ کام کیا جائے، خصوصاً امانت و دیانت، جھوٹ، خیانت، دھوکہ دہی، ایذا رسانی، فحاشی، موبائل کے غلط استعمال اور فرقہ وارانہ تعصب سے بچنے، نیز امت میں اتحاد و اجتماعیت پیدا کرنے کی کوشش کرنا، وغیرہ۔
لہٰذا پوچھی گئی صورت میں کاؤنٹر یا تسبیح فراہم کرنا اور تعداد کا ریکارڈ رکھنا بذات خود جائز ہے، لیکن اس کے بجائے اگر رسول اللہﷺ کی سنت و سیرت کی ترویج و اشاعت اور اخلاقی تربیت کی کوشش کی جائے تو وہ زیادہ بہتر ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
*القرآن الكريم: (الأحزاب، الآية: ٢١)*
﴿لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ لِمَنْ كَانَ يَرْجُو اللَّهَ وَالْيَوْمَ الْآخِرَ وَذَكَرَ اللَّهَ كَثِيرًا﴾
*القرآن الكريم: (آل عمران، الآية: ١٦٤)*
﴿لَقَدْ مَنَّ اللَّهُ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ إِذْ بَعَثَ فِيهِمْ رَسُولًا مِنْ أَنْفُسِهِمْ يَتْلُو عَلَيْهِمْ آيَاتِهِ وَيُزَكِّيهِمْ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ وَإِنْ كَانُوا مِنْ قَبْلُ لَفِي ضَلَالٍ مُبِينٍ﴾
*القرآن الكريم: (آل عمران، الآيتان: ٣١-٣٢)*
﴿قُلْ إِنْ كُنْتُمْ تُحِبُّونَ اللَّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللَّهُ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوبَكُمْ وَاللَّهُ غَفُورٌ رَحِيمٌ • قُلْ أَطِيعُوا اللَّهَ وَالرَّسُولَ فَإِنْ تَوَلَّوْا فَإِنَّ اللَّهَ لَا يُحِبُّ الْكَافِرِينَ ﴾
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی