سوال:
السلام علیکم، مفتی صاحب ! ایک بکرا جس کو ہرنیا ہو، اس کو قربانی یا عقیقہ میں ذبح کرنا جائز ہے؟
جواب: قربانی کے جانور میں عیوب سے متعلق ایک اہم ضابطہ یہ ہے کہ اگر جانور میں ایسا عیب پایا جائے، جس سے اس جانور کی کسی قسم کی منفعت یا ظاہری جمال بالکل ختم ہو گیا ہو، تو ایسے جانور کی قربانی اور عقیقہ کرنا جائز نہیں ہے، اور اگر ایسا عیب نہ پایا جاتا ہو، تو اس جانور کی قربانی اور عقیقہ کرنا درست ہے۔
مذکورہ اصول کی روشنی میں جس جانور کو ہرنیا ہو، اس کی قربانی درست ہے، کیونکہ یہ بیماری ایسا عیب نہیں ہے، جس سے اس جانور کی کسی قسم کی منفعت یا ظاہری جمال بالکل ختم ہو جاتا ہو، لہذا ایسے جانور کی قربانی درست ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
الهندية: (295/5، ط: دار الفكر)
كل عيب يزيل المنفعة على الكمال أو الجمال على الكمال يمنع الأضحية، وما لا يكون بهذه الصفة لا يمنع
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی