resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: بینک کو جگہ کرائے پر دینے کا حکم اور روایتی بینک اور اسلامی بینک میں بنیادی فرق

(68330-No)

سوال: میں اپنی ایک جگہ بینک کو کرائے پر دینا چاہتا ہوں، حال ہی میں Askari Bank کے نمائندے میرے پاس آئے ہیں اور وہ اپنی برانچ قائم کرنے کے لیے جگہ کرائے پر لینا چاہتے ہیں۔ عسکری بینک کی روایتی بینکنگ بھی ہے اور اس کا اسلامی بینکنگ کا شعبہ بھی موجود ہے۔ اس سلسلے میں چند باتیں معلوم کرنی ہیں:
1) کیا سودی بینک کو اپنی جگہ کرائے پر دینا جائز ہے؟ اور اس سے حاصل ہونے والے کرائے کا کیا حکم ہے؟
2) کیا عسکری بینک کے اسلامی بینکنگ شعبے کو جگہ کرائے پر دینا جائز ہے؟ اور اس سے حاصل ہونے والا کرایہ حلال ہوگا ؟
3) کیا حقیقتاً اسلامی بینکوں کے معاملات شریعت کے مطابق ہوتے ہیں؟ کیا ان کے کاروبار میں واقعی سود سے اجتناب کیا جاتا ہے یا صرف نام اور طریقۂ کار کا فرق ہوتا ہے؟
4) اسلامی بینکوں اور روایتی سودی بینکوں میں شرعی اعتبار سے کیا بنیادی فرق ہے؟ نیز کسی اسلامی بینک کے معاملات کے شرعی ہونے کا اطمینان کیسے کیا جا سکتا ہے؟
لہٰذا رہنمائی فرمائیں کہ عسکری بینک کی روایتی برانچ اور اس کے اسلامی بینکنگ شعبے دونوں میں سے کس کو جگہ کرائے پر دینا جائز ہے؟ اور دونوں صورتوں میں حاصل ہونے والے کرائے کا شرعی حکم کیا ہوگا؟

جواب: (1,2) واضح رہے کہ مروّجہ سودی بینک کے معاملات سود اور دیگر غیر شرعی خرابیوں پر مشتمل ہونے کی وجہ سے ناجائز اور حرام ہے، لہذا جو بینک سودی معاملات کرتے ہوں، ان کو اپنی جائیداد کرایہ پر دینا، گویا گناہ کے کام میں معاون اور سبب بننا ہے، اس وجہ سے سودی بینک کو کرائے پر جگہ دینا جائز نہیں ہے۔
البتہ جو غیر سودی بینک مستند علماء کی زیرِ نگرانی شرعی اصولوں کے مطابق اپنے معاملات سر انجام دیتے ہوں، ان کو کرایہ پر جگہ دینا شرعاً درست ہے، اور کرایے سے حاصل ہونے والی آمدنی حلال ہے۔
(3,4) مروّجہ سودی بینکوں کے معاملات سودی قرضہ کی بنیاد پر ہوتے ہیں، جس میں بینک رقم اس شرط پر کلائنٹ کو بطور قرض دیتا ہے کہ وہ اس پر کچھ اضافہ کر کے واپس کرے جو کہ سود ہے، جبکہ اسلامی بینک قرض پر سود لینے کی بجائے مختلف اسلامی طرقہائے تمویل (Islamic Mode of Financing) مثلاً: مضاربہ، مرابحہ، اجارہ، مشارکہ، سلم اور استصناع وغیرہ کے تحت اثاثہ جات کی بنیاد پر فائنانسنگ کرتا ہے جو کہ شرعاً جائز معاملات ہیں۔
لہذا جو بینک مستند مفتیان کرام کے زیر نگرانی شرعی اصولوں کے مطابق کام کر رہا ہو تو اس کے ساتھ جائز کاروباری معاملات کرنا شرعاً درست ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

*القرآن الکریم: (المائدۃ: الایة: 2)*
وَلَا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإِثْمِ وَالْعُدْوَانِ... الخ

*القرآن الکریم:(البقرۃ:الایۃ:275)*
وَأَحَلَّ اللَّهُ الْبَيْعَ وَحَرَّمَ الرِّبَا . الاية۔

*فقه البیوع: (186/1، ط: مکتبة معارف القرآن)*
"وان لم یکن محرکا و داعیا، بل موصلا محضا، وھو مع ذلك سبب قریب بحیث لا یحتاج فی اقامة المعصیة به الی احداث صنعة من الفاعل، کبیع السلاح من اھل الفتنة، وبیع الامرد ممن یعصی به واجارۃ البیت ممن یبیع فیه الخمر او یتخذہ کنیسة او بیت نار وامثالھا فکله مکروہ تحریما بشرط ان یعلم به البائع والمؤجر، من دون تصریح به باللسان، فانه ان لم یعلم کان معذورا وان علم و صرح کان داخلا فی الاعانة المحرمة"

واللہ تعالیٰ أعلم بالصواب
دار الافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Loan, Interest, Gambling & Insurance