سوال:
میں ایک کمپنی میں کام کرتا ہوں جہاں مجھے ایک سال کے لیے ہیلتھ انشورنس (صحت کی انشورنس) کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جس میں میرے اور میرے والدین کے اخراجات شامل ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ اس سال مجھے اس انشورنس کو استعمال کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی، اس لیے میں نے کوئی کلیم (claim) نہیں کیا۔ میرے ساتھ کام کرنے والے ایک ساتھی نے بتایا کہ ان کی انشورنس کی حد (limit) ختم ہو چکی ہے جبکہ ان کے طبی اخراجات اس حد سے زیادہ ہیں، انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ چونکہ میں اپنی انشورنس استعمال نہیں کر رہا تو کیا وہ اپنے طبی بلوں کا کلیم میری ہیلتھ انشورنس کے تحت کر سکتے ہیں؟ میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ اسلام کی رو سے ایسا کرنا حلال ہے یا حرام؟
جواب: واضح رہے کہ کمپنی کی طرف سے ملازم کو ملنے والی طبی سہولیات عموماً ملازم اور اس کی فیملی کے متعین افراد کے لیے خاص ہوتی ہیں، ان کے علاوہ ملازم کے دیگر متعلقین کے لیے ان سہولیات سے فائدہ اٹھانے کی اجازت کمپنی کی طرف سے نہیں ہوتی۔
لہذا پوچھی گئی صورت میں مختص افراد کے علاوہ کسی اور کے لیے اس سہولت سے فایدہ اٹھانا جھوٹ، دھوکہ دہی اور معاہدہ کی خلاف ورزی کی وجہ سے جائز نہیں ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
*القرآن الكريم: (النساء، الآية: 58)*
إِنَّ ٱللَّهَ یَأۡمُرُكُمۡ أَن تُؤَدُّوا۟ ٱلۡأَمَٰنَٰتِ إِلَىٰۤ أَهۡلِهَا وَإِذَا حَكَمۡتُم بَیۡنَ ٱلنَّاسِ أَن تَحۡكُمُوا۟ بِٱلۡعَدۡلِۚ إِنَّ ٱللَّهَ نِعِمَّا یَعِظُكُم بِهِۦۤۗ إِنَّ ٱللَّهَ كَانَ سَمِیعَۢا بَصِیرࣰا O
*و قوله تعالی: (بنی اسرائیل، الآیة: 34)*
وَاَوۡفُوۡا بِالۡعَھدِ ۚ اِنَّ الۡعَھدَ کَانَ مَسۡئُوۡلًا O
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی