سوال:
ایک عامل نے درود شریف کا ایک صیغہ «اللهم صل على سيدي محمدی كاشفی أمتي» پڑھنے کے لیے بتایا ہے، عامل کا کہنا ہے کہ یہ صیغہ اسے نیک جنات نے بتایا ہے۔
دریافت طلب امر یہ ہے کہ مذکورہ صیغہ معتبر کتبِ دینیہ سے ثابت ہے یا نہیں؟ اور اگر ثابت نہیں تو کیا اسے درود شریف کے طور پر پڑھنا جائز ہے؟ نیز عامل کا یہ کہنا کہ یہ صیغہ اسے نیک جنات نے بتایا ہے، شرعاً اس کی صحت یا فضیلت کی دلیل بن سکتا ہے یا نہیں؟ براہِ کرم فقہِ حنفی کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں۔
جواب: واضح رہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر درود شریف بھیجنے کے لیے اس درود شریف کے کلمات کا کسی مستند کتاب میں موجود ہونا ضروری نہیں ہے، بلکہ کسی بھی درست مفہوم والے کلمات کے ساتھ درود شریف پڑھا جاسکتا ہے، البتہ افضل یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود ماثور کلمات کے ذریعے بھیجا جائے۔
سوال میں درود شریف کے حوالے سے جو عبارت نقل کی گئی ہے، وہ کسی معتبر دینی کتاب میں نہیں مل سکی، اس عبارت کی ترکیب غیر واضح ہے، جس کی وجہ سے معنی سمجھنے میں مشکل پیش آرہی ہے، جب تک اس کا اعراب اور ترکیب واضح طور پر بیان نہ کردی جائے، اس وقت تک اس کے صحیح یا غلط ہونے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا ہے۔ جہاں تک آپ کا جن کے بتانے سے متعلق سوال ہے تو صرف جن کے بتانے سے کوئی بات شرعی طور پر ثابت نہیں ہوجاتی، نہ یہ کسی عمل کے لیے فضیلت کی دلیل بن سکتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
الموسوعة الفقھیة الکويتية: (237/27- 238)
روي عن النبي صلى الله عليه وسلم - في الصلاة عليه - صيغ مختلفة في بعض ألفاظها. قال صاحب المهذب: إن أفضل صيغ الصلاةعلى النبي صلى الله عليه وسلم: أن يقول المصلي عليه: (اللهم صل على محمد، وعلى آل محمد، كما باركت على إبراهيم، وعلى آل إبراهيم. إنك حميد مجيد) .وهناك صيغ أخرى. وأقل ما يجزئ هو: اللهم صل على محمد۔
کذا فی فتاویٰ دار العلوم دیوبند: رقم الفتوی: (Fatwa: 1214-1174/N=11/1438)
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی