resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: وضو میں نیت کے سنت ہونے اور تیمم میں شرط ہونے کی شرعی و اصولی علت

(69474-No)

سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، حضرت! ایک مسئلہ دریافت کرنا ہے کہ فقہِ حنفی میں وضو کے لیے نیت شرط نہیں ہے، یعنی اگر کوئی شخص بغیر نیت کے وضو کے تمام فرض اعضاء دھو لے تو اس کا وضو درست ہو جاتا ہے، جبکہ تیمم میں نیت شرط ہے اور نیت کے بغیر تیمم درست نہیں ہوتا۔
میرا اشکال یہ ہے کہ قرآنِ کریم میں وضو کے متعلق فرمایا گیا:إِذَا قُمْتُمْ إِلَى الصَّلَاةِ فَاغْسِلُوا وُجُوهَكُمْ اور تیمم کے متعلق فرمایا گیا: فَتَيَمَّمُوا صَعِيدًا طَيِّبًا
دونوں جگہ قرآنِ کریم میں نیت کی صراحت موجود نہیں ہے، بلکہ دونوں کے احکام مطلق انداز میں بیان کیے گئے ہیں، اس سلسلہ میں سوال یہ ہے کہ جب وضو میں نیت کے بغیر بھی وضو درست ہو جاتا ہے تو تیمم میں نیت کو شرط قرار دینے کی کیا علت ہے؟ دونوں کے درمیان یہ فرق کس اصول یا دلیل کی بنیاد پر ہے؟ براہِ کرم اس کی وضاحت فرما دیں۔ جزاکم اللہ خیراً کثیراً

جواب: فقہِ حنفی میں وضو کے لیے نیت کے سنت ہونے اور تیمم کے لیے نیت کے فرض (شرط) ہونے کی پہلی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اولاً قرآنِ کریم میں وضو کے لیے "غسل" (محض پانی بہانا) کا لفظ آیا ہے جو نیت کے بغیر بھی پایا جاتا ہے، جبکہ تیمم کے لیے "تیمم" کا لفظ وارد ہوا ہے جس کا لغوی معنیٰ ہی "قصد اور ارادہ کرنا" ہے، اس لیے نیت کے بغیر تیمم کا تحقق ہی ممکن نہیں۔
دوسری بنیادی وجہ اس فرق کی یہ ہے کہ پانی اپنی فطری خلقت کے اعتبار سے بذاتِ خود مطہّر (پاک کرنے والا) ہے، اس لیے نیت کے بغیر بھی صفائی اور طہارت حاصل ہو جاتی ہے، جبکہ مٹی اپنی فطرت میں ملوِّث (آلودہ کرنے والی) ہے، یہ اگر طہارت کا ذریعہ بنتی ہے تو محض نیت سےشرعاً بنتی ہے، اس لیے تیمم میں نیت ضروری ہے۔
اس فرق کی تیسری وجہ یہ ہے کہ پانی سے طہارت حاصل کرنا عقل و قیاس کے مطابق ایک معقول عمل ہے، کیونکہ پانی میل کچیل اور نجاست کو حقیقی معنوں میں صاف کرتا ہے، جبکہ مٹی سے طہارت حاصل کرنا محض ایک "امرِ تعبّدی" ہے، یعنی اس میں ظاہری صفائی کے بجائے حکمِ الٰہی کی فرمانبرداری مقصود ہے۔
یہی وجہ ہے کہ عام طور پر گرد آلود ہونے اور شرعی تیمم کے درمیان امتیاز (فرق) پیدا کرنے کے لیے شریعت نے تیمم میں نیت کو شرط قرار دیا ہے، تاکہ عملِ طہارت اور عام مٹی لگنے میں فرق ظاہر ہو سکے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الاختيار لتعليل المختار (1/ 20 مطبعة الحلبي - القاهرة)
(و) لا بد من (النية) وهي أن ينوي رفع الحدث أو استباحة الصلاة. وقال زفر: لا تشترط النية كالوضوء. ولنا أنه مأمور بالتيمم وهو القصد، والقصد: النية فلا بد منها، بخلاف الوضوء فإنه مأمور بغسل الأعضاء وقد وجد، ثم التراب ملوث ومغبر، وإنما يصير مطهرا ضرورة إرادة الصلاة وذلك بالنية بخلاف الوضوء ; لأن الماء مطهر في نفسه فاستغنى في وقوعه طهارة عن النية، لكن يحتاج إليها في وقوعه عبادة وقربة.

الهداية في شرح بداية المبتدي (1/ 28 دار احياء التراث العربي)
" والنية فرض في التيمم " وقال زفر رحمه الله تعالى: ليست بفرض لأنه خلف عن الوضوء فلا يخالفه في وصفه ولنا أنه ينبئ عن القصد فلا يتحقق دونه أو جعل طهورا في حالة مخصوصة والماء طهور بنفسه على ما مر

والله تعالیٰ اعلم باالصواب
دار الافتاء الاخلاص کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Purity & Impurity