سوال:
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! مفتی صاحب! ایک شخص امام صاحب کو رکوع کی حالت میں ملا، ہم نے آپ حضرات سے یہ مسئلہ سمجھا ہے کہ اگر مقتدی کو امام کے ساتھ کم از کم ایک مرتبہ سبحان اللہ کہنے کی مقدار رکوع مل جائے تو اس کا رکوع ادا ہوجاتا ہے، اور اگر امام رکوع سے اٹھنے لگے تو اسے رکوع نہیں ملا، البتہ ایک صورت یہ ہے کہ ایک شخص رکوع میں شامل ہونے لگا اور اس نے امام صاحب کو حرکت کرتے ہوئے دیکھ لیا، چنانچہ وہ رکوع میں چلا گیا، لیکن امام صاحب کی آواز کچھ دیر بعد آئی، جس کے بعد تمام مقتدی کھڑے ہوئے تو یہ شخص بھی کھڑا ہوگیا، اس دوران اسے ایک مرتبہ سبحان اللہ کہنے کی مقدار رکوع میں اطمینان حاصل ہوگیا تھا، اب دریافت یہ ہے کہ کیا اس شخص کا رکوع ادا ہوگیا یا چونکہ اسے امام صاحب کی حرکت سے ان کے رکوع سے اٹھنے کا علم ہوگیا تھا، اس لیے اس کا رکوع شمار نہیں ہوگا اور اسے بھی امام کے ساتھ کھڑا ہوجانا چاہیے تھا؟
جواب: واضح رہے کہ امام کے ساتھ رکعت ملنے کے لیے ضروری ہے کہ مقتدی امام کے رکوع سے قیام کی طرف لوٹنے سے پہلے رکوع میں چلا جائے اور کم از کم ایک لمحہ کے لئے مقتدی امام کے ساتھ رکوع میں شریک ہو جائے، لہذا اگر مقتدی تکبیر تحریمہ کہنے کے بعد اس قدر جھک گیا کہ اگر ہاتھ پھیلائے تو گھٹنوں تک پہنچ جائیں اور عین اسی وقت امام اتنا سیدھا نہیں ہوا ہو کہ اس کے ہاتھ گھٹنوں تک نہیں پہنچ رہے ہوں تو ایسا مقتدی امام کے ساتھ رکعت پانے والا شمار ہوگا اور امام کے قیام کے باوجود مقتدی پر واجب ہے کہ وہ ایک تسبیح کی مقدار رکوع میں ٹھہرا رہے تاکہ تعدیل ارکان کی شرط پوری ہوجائے۔
سوال میں پوچھی گئی صورت میں اگر مقتدی نے مذکورہ تفصیل کے مطابق امام کے ساتھ رکوع پالیا ہو تو اس کی یہ رکعت ادا ہوگئی ہے، لیکن اگر اس تفصیل کے مطابق مقتدی کو رکوع نہیں ملا ہو اس کی یہ رکعت ادا نہیں ہوئی، امام کے سلام پھیرنے کے بعد بطور مسبوق یہ رکعت ادا کرنی ہوگی، اور اگر مقتدی کو رکوع ملنے میں شک ہو، اور غالب گمان یہ ہو کہ مذکورہ بالا تفصیل کے مطابق رکوع نہیں ملا ہے تو اس صورت میں اس کو چاہیے کہ امام کے سلام پھیرنے کے بعد اس رکعت کو دوبارہ ادا کرلے، اس سے اس کی نماز درست ہو جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
الھندیة: (120/1، ط: دار الفکر)
أدرك الإمام في الركوع فكبر قائما ثم شرع في الانحطاط وشرع الإمام في الرفع الأصح أن يعتد بها إذا وجدت المشاركة قبل أن يستقيم قائما وإن قل، هكذا في معراج الدراية.
حاشیة الطحطاوی علی مراقی الفلاح: (ص: 455، ط: دار الکتب العلمیة)
وقيل إذا شاركه في الرفع قبل أن يستتم قائما يعتد بها وإن قل وقیل لا يصير مدركا تلك الركعة ما لم يشارك الإمام في الركوع كله وقيل في مقدار تسبيحة قال ابن أمير حاج والأول أوجه وقال الحلبي هو الأصح لأن الشرط المشاركة في جزء من الركوع وإن قل والحاصل أنه إذا وصل إلى حد الركوع قبل أن يخرج الإمام من حد الركوع فقد أدرك معه الركعة وإلا فلا۔
الدر المختار: (464/1، ط: دار الفکر)
(وتعديل الأركان) أي تسكين الجوارح قدر تسبيحة في الركوع والسجود، وكذا في الرفع منهما على ما اختاره الكمال۔
کذا فی فتاوی دار العلوم دیوبند: رقم الفتوی: (Fatwa : 1313-1165/H=11/1439)
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی