resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: ایزی پیسہ کے ذریعے رقم منتقل (Transfer) کرنے یا موبائل پیکج لگانے پر اصل رقم کے ساتھ اضافی رقم لینے کا شرعی حکم

(69484-No)

سوال: محترم مفتی صاحب، السلام علیکم! گزارش ہے کہ میں ایک موبائل دکان کا مالک ہوں جہاں ایزی پیسہ اور جاز کیش کے ذریعے رقم منتقلی کا کام بھی کرتا ہوں، میری دو صورتیں ہیں: پہلی صورت یہ ہے کہ گاہک مجھ سے کسی دوسرے شخص کے اکاؤنٹ میں رقم بھیجنے کا کہتا ہے، میں اپنے اکاؤنٹ سے مطلوبہ رقم بھیج دیتا ہوں اور گاہک اسی وقت مجھے اصل رقم کے ساتھ میرا طے شدہ منافع/سروس چارجز نقد دے دیتا ہے، دوسری صورت یہ ہے کہ میں گاہک کو اسی وقت موبائل پیکج لگوا دیتا ہوں یا اس کے اکاؤنٹ میں رقم ٹرانسفر کر دیتا ہوں لیکن وہ مجھے اسی وقت ادائیگی نہیں کرتا بلکہ ایک یا دو دن بعد اصل رقم کے ساتھ اضافی منافع دیتا ہے، دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا ان دونوں صورتوں میں لیا جانے والا یہ اضافی منافع شرعاً جائز اور اجرت کے حکم میں ہے یا یہ سود اور ربا کے زمرے میں آتا ہے؟ براہ کرم شریعت کی روشنی میں واضح رہنمائی فرمائیں۔

جواب: پوچھی گئی دونوں صورتوں میں کسٹمر کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل (Transfer) کرنے یا پیکیج لگاکر دینے پر اضافی رقم لینا شرعاً درست ہے، کیونکہ یہ سروس فراہم کرنے کی اجرت ہے، بشرطیکہ اضافی رقم کسٹمر کو بتا کر باہمی رضامندی سے متعین کی گئی ہو اور ایزی پیسہ وغیرہ کمپنی کی طرف سے اس میں کسی قسم کی کوئی ممانعت نہ ہو۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الهندية: (409/4، ط: دار الفکر)
(أما تفسيرها شرعا) فهي عقد على المنافع بعوض، كذا في الهداية

و فیه ایضا: (411/4)
وأما شرائط الصحة فمنها رضا المتعاقدين ۔۔۔۔۔ ومنها أن تكون الأجرة معلومة.

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Loan, Interest, Gambling & Insurance