سوال:
براہ کرم! مجھے جنابت سے پاکی حاصل کرنے کے لیے غسل کے فرائض بتا دییجیے۔
جواب: واضح رہے کہ غسل کے تین فرائض ہیں:
۱) منہ بھر کر کلی کرنا، اگر روزہ دار نہ ہو تو غرارےکرنا مسنون ہے۔
۲) ناک میں پانی ڈالنا یعنی ناک کے اندر نرم حصے تک پانی پہنچانا ضروری ہے، البتہ روزہ کی وجہ سے ناک میں زیادہ اوپر تک پانی چڑھانا اورکلی کرتے ہوئے غرارہ کرنا درست نہیں ہے، کیونکہ ناک میں پانی چڑھانے یا غرارہ کرنے سے اگر پانی حلق میں چلا گیا تو اس سے روزہ فاسد ہوجائے گا۔
۳) پورے بدن پر اس طرح پانی بہانا کہ بال برابر بھی جگہ خشک نہ رہے۔
مذکورہ تین فرائض کو بجا لانے سے غسل واجب ادا ہوجاتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
الھندیۃ: (13/1، ط: دار الفکر)
(الفصل الأول في فرائضه) وهي ثلاثة: المضمضة، والاستنشاق، وغسل جميع البدن على ما في المتون. وحد المضمضة والاستنشاق كما مر في الوضوء من الخلاصة.
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی