سوال:
ہمارے گھر میں چھچھوندر آتی رہتی ہے کل کی بات ہے کہ میری بیوی سے پکانے والا تیل کا ڈبہ کھلا رہ گیا اور اتفاق سے چھچھوندر اس میں گر گئی، سوال یہ ہے کہ اس تیل کو کیسے پاک کیا جائے گا؟
جواب: ناپاک تیل کو پاک کرنے کے دو طریقے ہیں: ایک طریقہ یہ ہے کہ اس تیل میں اس کے بقدر یا اس سے زائد پانی ملا کر اسے آگ پر اتنا گرم کیا جائے کہ سارا پانی بھاپ بن کر اڑ جائے اور صرف تیل باقی رہ جائے تو تین مرتبہ اس طرح کرنے سے ناپاک تیل پاک ہوجائے گا۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ اس تیل میں اس کے بقدر پانی ملا کر اسے اچھی طرح ہلایا جائے اور جب سارا تیل پانی کے اوپر آجائے تو اسے کسی طریقہ سے علیحدہ کردیا جائے،تین مرتبہ یہی عمل کرنے سے ناپاک تیل پاک ہوجائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
رد المحتار: (334/1، ط: دار الفکر)
(قوله: ويطهر لبن وعسل ودبس و دھن بغلی ثلاثا۔۔۔إلخ)
لو تنجّس العسل فتطهیرہ أن یصبّ فیه ماء بقدرہ فیغلی حتی یعود إلی مکانه، والدهن یصب علیه الماء فیغلی فیعلو الدهن الماء فیرفع بشيء هکذا ثلاث مرات إه وهذا عند أبي یوسف خلافًا لمحمد و هو أوسع و علیه الفتوی، کما في شرح الشیخ إسماعیل عن جامع الفتاوی.
کذا فی فتاویٰ دار العلوم دیوبند: رقم الفتوی: 975-6/1431
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی